تازہ تر ین

منشا نے جاوید اختر کو عزت کا سبق سکھا دیا

اداکارہ منشا پاشا نے بھارتی نغمہ نگار اور اسکرین رائٹر جاوید اختر کے سرحد پار فنکارانہ تبادلے کے حوالے سے کیے گئے حالیہ تبصروں پر پاکستانی فنکاروں کو عزت نفس کا سبق دے دیا۔

اپنی انسٹاگرام اسٹوری پر اداکارہ نے جاوید اختر کے حالیہ تبصرے کو اجاگر کرنے والی ایک خبر کو دوبارہ پوسٹ کیا اور ساتھ اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ ‘یہ مجھے یاد دلاتا ہے جب وہ یہاں پاکستان میں تھے اور ایک تقریب میں پاکستان کے بارے میں توہین آمیز تبصرے کرنے کے بعد ایک پارٹی میں لوگ ان کے قدموں میں بیٹھے ہوئے تھے جس کی ویڈیوز بھی سامنے آئی تھیں’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘سچ کہوں تو قصور ہمارا ہے کیوں صاف ظاہر ہے ہمیں زیادہ عزت نفس کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔

اسکرین گریب
اسکرین گریب

جاوید اختر کا سابقہ بیان

اداکارہ اصل میں علی ظفر کی جانب سے جاوید اختر کے اعزاز میں منعقدہ ایک دعوت کا ذکر کررہی تھیں جس میں پاکستانی آرٹسٹس جاوید اختر کے آس پاس حتیٰ کے قدموں میں بیٹھے نظر آئے تھے۔

 جاوید اختر نے 2023 میں پاکستان کا دورہ کیا تھا جس کے دوران ان کے متنازعہ بیانات کے باوجود، مقامی اشرافیہ میں بہت سے لوگوں نے ان کا پرتپاک خیرمقدم کیا تھا۔

جاوید اختر  پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں منعقد ہونے والے آٹھویں فیض میلے میں شرکت کے لیے آئے تھے، جہاں انہوں نے اپنے خطاب میں پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کی تھی۔

جاوید اختر نے فیض میلے میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ ممبئی کے رہنے والے ہیں اور انہوں نے وہاں پر حملے کو اپنی آنکھوں سے دیکھا۔

جاوید اختر نے پاکستان کا نام لیے بغیر فیسٹیول میں موجود تماشائیوں کو مخاطب ہوتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی حملوں کے لوگ اب بھی آپ کے ملک میں گھوم رہے ہیں اور اس بات کو ایک ہندوستانی کا شکوہ سمجھ کر برداشت کریں۔

اس کے بعد شوبز سے تعلق رکھنے والے بہت سے افراد نے کھلے الفاظوں میں جاوید اختر کے بیان کی مذمت کی تھی۔

جاوید اختر کا حالیہ بیان

اب پہلگام حملے کے بعد ایک انٹرویو میں جاوید اختر نے ہندوستان میں پاکستانی اداکاروں کے سائیڈ لائن ہونے کا دفاع کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی تبادلے کو “ایک طرفہ ٹریفک” قرار دیا۔

انہوں نے نصرت فتح علی خان، مہدی حسن اور غلام علی جیسے لیجنڈز کا حوالہ دیا جنہوں نے بھارت میں پرفارم کیا تھا، لیکن انہوں نے دعویٰ کیا کہ لتا منگیشکر سمیت ہندوستانی فنکاروں کو سسٹمیکٹک رکاوٹ کی وجہ سے پاکستان میں کبھی بھی اس طرح کی رسائی کی اجازت نہیں دی گئی۔

انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں 22 اپریل کو ہوئے پہلگام حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا تھا کہ ‘جو کچھ ہوا اس کی وجہ سے اب شاید ہی کوئی دوستانہ احساس یا گرمجوشی ہے، یہ اس کے بارے میں سوچنے کا وقت بھی نہیں ہے۔

یہ ریمارکس ان خبروں کے درمیان سامنے آئے ہیں کہ پاکستانی اداکار  فواد خان کی آنے والی بالی ووڈ فلم عبیر گلال کو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تناؤ کی وجہ سے بھارت میں ریلیز نہیں کیا جائے گا۔

منشا پاشا کے مؤقف کے مطابق مسئلہ جاوید اختر کے بیان سے زیادہ پاکستانیوں کی جانب سے بھارتی شخصیات کو ضرورت سے زیادہ عزت دینا ہے۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain