بھارتی سینما کے آخری سپر اسٹار اور کنگ خان کہلائے جانے والے شاہ رخ کا نام آتے ہی ان کے مداحوں کے چہروں پر مسکراہٹ پھیل جاتی ہے۔
شاہ رخ جس بھی تقریب کا حصہ ہوں وہاں اپنی پرسنالٹی کا جادو تو چلاتے ہی ہے لیکن اپنی خوش مزاجی کے سبب سب کو ہنسنے پر بھی مجبور کردیتے ہیں۔
اسٹارڈم کا یہ عروج انہوں نے اچانک نہیں حاصل کیا بلکہ اس کے پیچھے تین دہائیوں کی محنت ہے جس کی بدولت آج انہیں نہ صرف بھارت بلکہ دنیا بھر میں پہنچانا جاتا ہے۔
تاہم اس بڑے سپر اسٹار کی تمام تر شہرت گھر کی چار دیواری میں داخل ہوتے ہی کہیں کونے میں چلی جاتی ہے کیوں کہ گھر میں وہ بالکل ایک عام انسان اور اپنے بچوں کے لیے ایک محبت کرنے والے والد ہیں۔
حال ہی میں اداکار نے اپنے بچوں آریان خان، سہانا خان اور ابرام کے ساتھ اپنے بانڈ کے بارے میں ایک چونکا دینے والا انکشاف کیا۔
ممبئی میں پہلے عالمی آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ میں دیپیکا پڈوکون کے ساتھ ‘The Journey: From Outside To Ruler’ کے عنوان سے منعقدہ سیشن میں گفتگو کرتے ہوئے شاہ رخ نے انکشاف کیا کہ وہ اپنے گھر میں ایک مذاق ہیں۔
شاہ رخ نے شیئر کیا کہ وہ اپنے بچوں آریان، سہانا اور ابرام کی وجہ سے بالکل بھی ‘تنہا’ محسوس نہیں کرتے۔
اداکار کا کہنا تھا کہ ‘آپ جانتے ہیں کہ آپ سے پوچھا گیا ہے کہ کیا یہ سب سے اوپر تنہا ہیں، میں یہاں سب کو بتانا چاہوں گا، جو جوان ہیں اور ان کے بچے ہیں، یہاں تک کہ وہ بھی جو میری عمر کے ہیں اور ان کے بچے ہیں۔ آپ کبھی بھی تنہا نہیں ہوں گے اگر آپ اپنے بچوں کو ہنسا سکتے ہیں، اور جن کے بچے نہیں ہیں، اگر آپ اپنے والدین کو ہنسا سکتے ہیں، تو وہ کبھی تنہا نہیں ہوں گے۔’
‘کوئی مجھے سنجیدہ نہیں لیتا’
مزید یہ کہ شاہ رخ نے انکشاف کیا کہ ان کے گھر پر کوئی بھی انہیں سنجیدگی سے نہیں لیتا، جب بھی وہ کسی کو ڈسپلن کرنے کی کوشش کرتے ہیں تو وہ ان کی بات ہوا میں اڑا دیتا ہے کیوں کہ وہ اس صورتحال میں مزاحیہ لگتے ہیں۔
کنگ خان نے وہ لمحہ بھی شیئر کیا جب اس نے ان کے ساتھ اپنی پہلی فلم کی شوٹنگ کے دوران دیپیکا کو ڈانٹنے کی کوشش کی لیکن جب بھی وہ اپنا غصہ ظاہر کرتے ہیں تو وہ اس کا مذاق اڑاتے ہیں۔
شاہ رخ کا کہنا تھا کہ ‘میں اپنے بچوں کے لیے اتنا فنی ہوں کہ جب میں انہیں ڈانٹنے کی کوشش بھی کرتا ہوں تو انہیں مزاحیہ لگتا ہوں، میں نے اوم شانتی اوم کی شوٹنگ کے دوران بھی دیپیکا کو ڈانٹا تھا، جب میں کچھ کہتا ہوں، جیسے سنو، آپ کو 10 بجے تک سونا چاہیے تو ان کا ردِ عمل کچھ یوں ہوتا ہے؟ ‘اوہ مائی گاڈ ایس-آر کے۔ لہذا، میں اپنے گھر میں ایک مذاق ہوں’۔
مداحوں کی شیئر کردہ ایک پرانی ویڈیو میں اداکار کو اپنے بچوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے دیکھا گیا تھا کہ وہ کس طرح ان کا مذاق اڑاتے ہیں۔
‘بچے مذاق اڑاتے ہیں’
اس کلپ میں شاہ رخ نے انکشاف کیا کہ ان کا بڑا بیٹا اکثر یہ کہہ کر ان کا مذاق اڑاتا ہے ‘ایس آر کے او مائی گاڈ، دی اسٹار از ہیئر’۔۔۔۔
اگلے فریم میں انہوں نے بتایا کہ آریان اور بیٹی سہانا دونوں ان کی طرف دیکھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ ‘اوہ مائی گاڈ، ایس آر کے۔۔ بڑا اسٹار بات کر رہا ہے۔’
ویڈیو میں مزید، شاہ رخ نے انکشاف کیا کہ جب بھی وہ کوئی سنجیدہ بات کرنے کی کوشش کرتے ہیں، تو وہ انہیں ایس آر کے کہہ کر چپ کرادیتے ہیں
جب ایک انٹرویو لینے والے نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ کے بچے آپ سے ڈرتے ہیں، تو انہوں نے صاف انکار کر دیا، اور کہا کہ جب بھی وہ اپنے چھوٹے بیٹے ابرام کو پکارتے ہیں وہ ہنسنے لگتا ہے۔