بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے انکشاف کیا ہے کہ ایک بار جب وہ لندن کی ٹیکسی میں سفر کررہی تھیں تو ٹیکسی کے مقامی گورے ڈرائیور نے انہیں پہچان کر دادا جی راج کپور کا گانا ’میرا جوتا ہے جاپانی‘ گا کر انہیں حیران کردیا تھا۔
ورلڈ آڈیو ویژول اینڈ انٹرٹینمنٹ سمٹ 2025 کے افتتاحی موقع پر اداکارہ کرینہ کپور خان نے پرانی یادوں کو تازہ کیا۔
کرینہ کپور نے سب سے پہلے اپنے دادا اور عظیم اداکار راج کپور کو یاد کیا، جس میں کرینہ نے بتایا کہ ایک مرتبہ لندن میں وہ ٹیکسی میں سفر کر رہی تھیں جب ایک مقامی ٹیکسی ڈرائیور نے ان کے دادا کا مشہور گانا ’میرا جوتا ہے جاپانی‘ گایا۔
کرینہ نے بتایا کہ وہ کہنے لگا کہ میں نے آپ کے دادا جی کی فلمیں دیکھی ہیں اور میں یقین نہیں کر پا رہا کہ آپ میرے ساتھ بیٹھی ہیں، اس نے واقعی ہندی میں گانا گایا تھا۔
کرینہ نے مزید بتایا کہ اس نے ’میرا جوتا ہے جاپانی‘ اتنے صاف لہجے میں گایا کہ مجھے بہت فخر محسوس ہوا، میں نے سوچا یہ ہے ہمارے سنیما کا عالمی اثر، دادا جی کی فلم تو 1950 کی دہائی کی تھی لیکن وہ آج بھی دلوں میں زندہ ہے۔
جب کرینہ سے پوچھا کہ وہ کیوں ہالی وڈ کی طرف نہیں بڑھیں، جبکہ ان کی ہم عصر اداکارائیں وہاں جانے کی کوشش کرتی رہی ہیں، تو کرینہ نے جواب دیا کہ میرے مزاج میں کسی چیز کے پیچھے بھاگنا نہیں ہے، اگر کچھ ہونا ہوگا تو ہو جائے گا، ہاں، وقت بدل چکا ہے اور اب ہندی اور انگریزی کا امتزاج بھی ممکن ہے۔
کرینہ نے ایک پرانا واقعہ بھی سنایا کہ ایک بار جب فلم ’3 ایڈیئٹس‘ نئی نئی ریلیز ہوئی تھی، وہ کسی ریسٹورنٹ میں تھیں اور وہاں معروف ہدایت کار اسٹیون اسپل برگ بھی موجود تھے۔
اسپل برگ ان کے پاس آئے اور پوچھا کہ کیا آپ وہی لڑکی ہیں جو اس مشہور بھارتی فلم میں تھیں، جس میں تین اسٹوڈنٹس ساتھ پڑھتے ہیں؟
کرینہ نے ہنستے ہوئے جواب دیا کہ جی ہاں، وہی ہوں،انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے بتایا کہ انہیں فلم بہت پسند آئی، میں انگریزی فلم میں کام کروں یا نہ کروں، انہوں نے ’3 ایڈیئٹس‘ دیکھ لی، بس وہی ہمارے سنیما کی کامیابی ہے۔
کرینہ نے مزید کہا کہ فلمیں ان کی زندگی کا جنون ہیں کیونکہ وہ ایک فلمی خاندان سے تعلق رکھتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کبھی کسی چیز کے پیچھے نہیں بھاگی، فلمیں میرے خون میں شامل ہیں، پہلے لوگ ڈب شدہ فلمیں دیکھنا پسند کرتے تھے، اب ہر کوئی اپنی زبان میں فلم دیکھنا چاہتا ہے۔
کرینہ نے بتایا کہ میرے دو بچے تیمور اور جے ہیں اور آج کی دنیا میں سنیما کا عالمی اثر واقعی حیران کن ہے، ہم ایک مضبوط اور متاثرکن سنیما کلچر کا حصہ ہیں۔