تازہ تر ین

زیبا بختیار ایک بار پھر فلم بنانے کی تیاریوں میں مصروف

لاہور(کلچرل رپورٹر) اداکارہ زیبا بختیار ایک بار پھر فلم بنانے کی تیاریوں میں مصروف ہیں جس کی شوٹنگ جلد ہی شروع کی جائے گی۔ اس بارے میں ذرائع نے بتایا ہے کہ ان دنوں فلم کا پیپرورک جاری ہے جس کے مکمل ہوتے ہی اس کی کاسٹنگ اور میوزک پر کام شروع کردیا جائے گا۔ فلم کا میوزک ان کے بیٹے اذان سمیع خان تیار کریں گے جو اس سے قبل بھی اپنی ایک ذاتی فلم کا میوزک بناچکے ہیں۔زیبابختیار نے چندسال پہلے ”ون موشن پکچرز“کے نام سے پروڈکشن ہاﺅس بنایا تھا جس کے زیراہتمام انہوں نے فلم”آپریشن021“بنائی تھی جو تین سال قبل ریلیز کی گئی تھی۔اس فلم کی ڈائریکشن جامی اورسمرنکس نے دی تھی جبکہ کاسٹ میں شان شاہد ، ایوب کھوسہ،آمنہ شیخ،شمعون عباسی ، ایازسموں ،حمید شیخ ، گوہررشیداور بلال اشرف شامل ہیں۔اس فلم نے اگرچہ زیادہ بزنس نہیں کیا تھا لیکن اپنے موضوع کے اعتبارسے اسے دنیا بھر میں پسندکیا گیا۔ کیونکہ اس میں دہشت گردی کے خلاف سیکورٹی اداروں کی جدوجہدکو موضوع بنایا گیا تھا اس کے ساتھ ساتھ فلم میں دہشت گردی کے واقعات میں افغانستان اور دیگر عالمی اداروں کے کردار پربھی بحث کی گئی تھی۔ معلوم ہواہے زیبا بختیار کی نئی فلم ایک منفرد موضوع پر مبنی ہے جس کی تفصیلات ابھی منظرعام پر نہیں آئیں۔اس سے قبل زیبا بختیار2001میں بننے والی فلم”بابو“کی ڈائریکشن بھی دے چکی ہیں جس میں انہوں نے اداکارسعود کے مقابل مرکزی کرداربھی کیا تھا جس کی دیگر کاسٹ میں زینت منگھی اورلہری قابل ذکر ہیں۔فلم کا میوزک ایم اشرف نے تیارکیا تھا۔اس فلم نے زیادہ بزنس نہیں کیا تھا جس سے دلبرداشتہ ہوکر زیبابختیارنے فلم انڈسٹری سے کنارہ کشی اختیارکرلی تھی۔ پاکستان فلم انڈسٹری میں زیبابختیارکو سلورسکرین پر متعارف کرانے کا سہرا سیدنور کے سرہے جنہوں نے انہیں1995میں بننے والی فلم”سرگم“میں متعارف کرایا تھا جس کی کاسٹ میں عدنان سمیع خان، دیبا،ندیم اورمہاراج غلام حسین کتھک شامل تھے۔ فلم کا میوزک بہت زیادہ مقبول ہواتھا جس نے فلم کی کامیابی میں اہم کردار ادا۔ اس فلم کے لئے گلوکارہ آشا بھوسلے نے بھی گانے گائے تھے۔ پہلی فلم کی کامیابی کے بعد انہیں بے شمار فلموں میں کام کی آفرزہوئیں مگر انہوں نے بہت کم فلموں میں کام کیا جن میں سنگیتا کی ”قید“ اور اقبال کشمیری کی”مسلمان“شامل ہیں۔ ان فلموں کی کاسٹ میں بالترتیب سعود ،صائمہ،معمررانا،شفقت چیمہ،شان، ثنا ،بابرعلی،اربازخان،میرااور جاویدشیخ شامل ہیں۔ان دونوں فلموں نے اچھا بزنس کیا جس کی وجہ سے انہیں کئی اور فلموں میں بھی کاسٹ کرنے کی کوشش بھی کی گئی۔پاکستان کے علاوہ انہوں نے بالی وڈ کی فلم”حنا“میں بھی کام کیا تھا جو سپرہٹ ثابت ہوئی جس کے بعد انہوںنے وہاں کی چنداورفلموں میں بھی کام کیا جو زیادہ کامیاب نہ ہوسکیں۔فلموں کے علاوہ انہوں نے بہت سے ڈراموں میں بھی کام کیا ۔ان کا پہلا ڈرامہ سیریل”انارکلی“ تھا جس کا شمار پی ٹی وی کے مقبول ترین ڈراموں میں ہوتا ہے۔ان کے دیگر ڈراموں میں تان سین،لاگ،ملاقات،اب کے ہم بچھڑے توشاید،مقدس،مہمان ،شہردل کے دروازے،موم،ماسوری،اے میرے پیارکی خوشبو،عشق کی ابتدا،سمجھوتہ ایکسپریس،ہزاروں سال،بے ایمان،ماںاور مامتا،آبلہ پا،خراش،پہلی سی محبت اور بن روئے شامل ہیں۔ اپنی نئی فلم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے زیبا بختیارکا کہنا تھا اس پر تیزی سے کام جاری ہے جس کے مکمل ہوتے ہی تفصیلات جاری کردی جائیں گی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain