بھارتی اداکار کبیر بیدی کا کہنا ہے کہ بیٹے کی موت سمیت مالی بحران نے ایک وقت میں انہیں توڑ کر رکھ دیا تھا۔
کبیر بیدی کا کریئر بالی ووڈ، ہالی ووڈ اور یورپی سینما پر محیط ہے، حال ہی میں ‘بی بی سی نیوز ہندی’ کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کبیر بیدی نے اس وقت کا ذکر کیا جب وہ مالی اور جذباتی طور پرتباہ ہو چکے تھے۔
یہ وہ وقت تھا جب ان کے بیٹے نے خودکشی کی اور ان کے مالی حالات بھی تباہ کن تھے، انہوں نے بتایا کہ کس طرح انہوں نے خود کو سنبھالا اور دوبارہ اپنے کیریئر کو زندگی دی۔
کبیر بیدی نے اپنی زندگی کے اُس مشکل دور کے بارے میں بات کی جب وہ ہر لحاظ سے ٹوٹ چکے تھے۔
انہوں نے یاد کرتے ہوئے کہا کہ میں تباہ ہو گیا تھا، صرف مالی طور پر نہیں بلکہ جذباتی طور پر بھی، کیونکہ اُس وقت میرے تمام مالی سرمایہ کاری ضائع ہو گئی تھی۔
انہوں نے کہا کہ میں نے جو کچھ بھی گروی رکھا تھا، وہ سب ختم ہو گیا، اسی دوران میرے بیٹے کی بھی موت ہوگئی تو 1990 کی دہائی کے اواخر میں ایسا وقت تھا کہ مجھے سمجھ ہی نہیں آ رہا تھا کہ میں کیا کر رہا ہوں۔
کبیر بیدی کا کہنا تھا کہ میں آڈیشن دینے جاتا تھا اور سمجھ نہیں آتا تھا کہ میں بول کیا رہا ہوں، مجھے کام ملنا بند ہو گیا، مواقع چھن گئے اور حالات دن بہ دن بدتر ہوتے گئے۔
اسی وقت کبیر نے فیصلہ کیا کہ اب اپنی زندگی کو خود سنبھالنا ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ میں نے سوچا کہ اب مجھے کچھ کرنا پڑے گا کیونکہ اگر یہ سب ایسے ہی چلتا رہا، تو میں برباد ہو جاؤں گا، سڑک پر آ جاؤں گا۔
واضح رہے کہ سدھارتھ، کبیر بیدی اور اُن کی پہلی بیوی پروتیما کے بیٹے تھے، وہ 1990 کی دہائی میں کارنیگی میلن یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کر رہے تھے، جب انہیں شیزوفرینیا کی تشخیص ہوئی، افسوسناک طور پر انہوں نے 1997 میں صرف 26 برس کی عمر میں خودکشی کر لی تھی۔
کبیر بیدی کا کریئر
کبیر بیدی کو عالمی شہرت اطالوی ٹی وی سیریز ’سندوکان‘ میں ایک بہادر قزاق کے کردار سے ملی، جس نے پورے یورپ میں ناظرین کو مسحور کر دیا۔
وہ ہالی ووڈ میں وہ سب سے زیادہ جیمز بانڈ فلم ’آکٹوپُسی‘ میں گوبیندا کے کردار کے لیے مشہور ہیں، امریکی ٹی وی پر بھی انہوں نے کئی مشہور سیریز میں کام کیا، جیسے ’دی بولڈ اینڈ دی بیوٹیفل‘، ’ڈائنسٹی‘، اور ’نائٹ رائڈر‘ شامل ہیں۔
بھارتی سنیما میں بھی کبیر بیدی نے کئی یادگار کردار ادا کیے، جیسے ’خون بھری مانگ‘، ’میں ہوں نا‘، اور ’تاج محل: این اٹرنل لو اسٹوری‘، جس میں انہوں نے شاہجہان کا کردار نبھایا۔
انہیں آخری بار فیملی ڈرامہ فلم ’آچاری با‘ میں دیکھا گیا، جس میں نینا گپتا اور وتسال شیٹھ نے بھی مرکزی کردار ادا کیے۔