تازہ تر ین

‘چنری چنری’ کا ریمیک؟ گلوکار کا حیران کن ردعمل!

بالی ووڈ کی کلاسک فلم بیوی نمبر 1 (1999) کے مقبول گیت ‘چنری چنری’ کو دو دہائیوں بعد ایک بار پھر پردے پر لانے کی کوشش شدید تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔

اس بار گانے کو فلم ‘ہے جوانی تو عشق ہونا ہے’ کے لیے دوبارہ تیار کیا جا رہا ہے، جس میں ورون دھون، پوجا ہیگڑے اور مرونل ٹھاکر مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے۔

 لندن میں گانے کی شوٹنگ کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں، تاہم مداحوں نے اس کلاسک گیت کے ری میک پر شدید ناپسندیدگی کا اظہار کیا ہے۔

چنری چنری کے اصل گلوکار ابھجیت بھٹاچاریہ ہیں، جنہوں نے سلمان خان اور سشمیتا سین پر فلمائے گئے اس گیت کو آواز دی، گلوکار نے حالیہ ری میک پر حیرانی اور ناراضی ظاہر کی ہے۔

ہندوستان ٹائمز سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ‘مجھے میوزک کمپوزر یا فلم کے ڈائریکٹر میں سے کسی نے نہیں بتایا کہ اس گانے کا ری میک ہو رہا ہے، ان میں ہمت ہی نہیں ہے بتانے کی۔’

حیرت انگیز طور پر، ابھجیت نے انکشاف کیا کہ یہ گانا ان کے دل کے قریب کبھی نہیں رہا۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘میرے لیے ذاتی طور پر چنری چنری کوئی بڑا گانا نہیں تھا، یہ ان گانوں میں سے ایک تھا جسے جلدی گا کر اسٹوڈیو سے نکل جانا ہوتا ہے، میں اسے اپنے بہترین گیتوں میں شمار نہیں کرتا، اُس وقت سازندوں کا مقصد صرف یہ تھا کہ کسی طرح بول ہٹ ہو جائیں۔’

اگرچہ گلوکار کو اس گانے سے ذاتی وابستگی نہیں، لیکن وہ اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہیں کہ یہ مداحوں میں آج بھی مقبول ہے۔

اس بارے میں ابھیجیت کا کہنا تھا کہ ‘پچھلے 25 سال سے یہ گانا فنکشنز، پارٹیوں میں چلتا رہا  اور میں سوچتا رہا کہ آخر اس میں ہے کیا؟ مجھے تو کچھ خاص یاد بھی نہیں جب میں نے یہ گایا تھا، لیکن اب میں تسلیم کرتا ہوں کہ یہ شائقین کے لیے ایک آئیکونک گانا بن چکا ہے۔’

ری میک پر جذباتی ہونے کے سوال پر انہوں نے صاف کہا کہ ‘مجھے اتنی چھوٹی چیز سے کوئی فرق نہیں پڑتا، میں زیادہ الجھتا نہیں ہوں، بازار میں کاپیاں اصل سے زیادہ بکتی ہیں، اصل کی قدر صرف عظیم لوگ ہی جانتے ہیں، میں چھوٹی چیزوں میں نہیں پڑتا۔’

خیال رہے کہ بالی وڈ میں پرانے گانوں کے ریمیک بنا کر جہاں نئی نسل کو پرانے گیتوں سے جوڑنے کی کوشش ہو رہی ہے، وہیں فنکاروں اور مداحوں کا ایک بڑا طبقہ اس رجحان کو ’فنی سستی’ قرار دیتا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain