بالی وڈ کے معروف اداکار شاہد کپور اور ان کے سوتیلے بھائی ایشان کھتر کا آپسی رشتہ خاصہ مضبوط ہے اور دونوں اکثر مواقع پر ایک دوسرے کی حمایت کا بھی اظہار کرتے رہتے ہیں۔
تاہم حال ہی میں ایشان نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا کہ دراصل شاہد کپور نہیں چاہتے تھے کہ وہ ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اداکاری کو بطور کریئر منتخب کریں۔
ایشان نے زوم ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے نہیں لگتا کہ انہوں نے کبھی چاہا کہ میں ان کے نقش قدم پر چلوں، وہ ہمیشہ چاہتے تھے کہ میں اپنی الگ پہچان بناؤ۔ اور شاید لاشعوری طور پر میں بھی یہی چاہتا تھا۔ اس لیے کبھی اس بارے میں باقاعدہ گفتگو نہیں ہوئی، ہم بس اپنی اپنی زندگی کے راستے خود ہی بنا رہے تھے۔’
شاہد کپور نے فلم عشق وشق سے بالی وڈ میں اپنے کریئر کی شروعات کی تھی اور بعد ازاں حیدر، کبیر سنگھ اور جب وی میٹ جیسے کامیاب پروجیکٹس میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
اداکار چونکہ خود بھی فلمی دنیا کی سختیوں، نشیب و فراز اور رد و قبول کے مراحل سے گزر چکے ہیں، اسی لیے وہ اپنے بھائی کو اس دنیا میں داخل ہونے سے پہلے مکمل طور پر تیار دیکھنا چاہتے تھے جہاں وہ محنت اور ریجیکشن کا سامنا بھی کرنے کی صلاحیت رکھتے۔
ایشان نے مزید بتایا کہ شاہد نے پہلی بار مکمل شکل میں میرا کام فلم ‘بیونڈ دی کلاؤڈز’ کی صورت میں دیکھا، وہ کبھی سیٹ پر نہیں آئے تھے تو مجھے یاد ہے کہ ہم نے ایک اسکریننگ منعقد کی تھی اور لندن میں پی ایف آئی فلم فیسٹیول میں بھی نمائش کی تھی جہاں اسے آفیشیلی منتخب کیا گیا اور ہم نے بڑا پریمیئر بھی منعقد کیا تھا۔
ایشان کھتر کے مطابق ‘میری سب سے پسندیدہ یاد وہ لمحہ ہے جب فلم ختم ہوئی اور میں تین سیٹ آگے بیٹھا تھا۔ میں پیچھے مڑا تو وہ آرام دہ انداز میں بیٹھے تھے، پھر میں ان کے پاس گیا، انہوں نے مجھے گلے لگایا اور کہا کہ ‘واہ یار، تُو تو ایکٹر ہے!’ وہ لمحہ میرے لیے سب سے قیمتی تھا، انہوں نے کہا کہ ‘اب تجھے جھوٹ نہیں بولنا پڑے گا۔’
ایشان کھتر کو پہلی بار مایہ ناز ایرانی ہدایتکار ماجد ماجدی کی فلم بیونڈ دی کلاؤڈز میں مرکزی کردار میں دیکھا گیا، جس میں ان کی اداکاری کو عالمی سطح پر سراہا گیا۔
اس کے بعد وہ آ سوٹ ایبل بوائے، دھڑک اور فون بوتھ جیسی فلموں میں نظر آئے۔
حالیہ طور پر وہ بھومی پیڈنیکر کے ساتھ فلم دی رائلز میں نظر آئے، جب کہ ان کی نئی فلم ہوم باؤنڈ کا پریمیئر بھی ہو چکا ہے، جس میں ان کے ساتھ جھانوی کپور اور وِشال جیٹھوا نے کام کیا ہے۔ یہ فلم کرن جوہر، آدھار پونا والا، اپوروا مہتا، اور سومین مشرا کی مشترکہ پروڈکشن ہے، جب کہ ہدایت کاری کے فرائض نیرج گھایوان نے انجام دیے ہیں۔