ٹام کروز ہالی وڈ کے عظیم اداکاروں میں سے ایک ہیں، انہوں نے شہرت کا ایک جہاں دیکھا ہے لیکن اگر بات کی جائے ان کی ازدواجی زندگی کی تو وہ اس میں ناکام نظر آتے ہیں۔
ٹام کروز کے چالیس برسوں پر محیطکریئر میں کئی بلاک بسٹر فلمیں شامل ہیں، ٹام کروز نے تین بار شادی کی، وہ بھی اعلیٰ شہرت یافتہ اداکاراؤں سے لیکن تینوں شادیاں طلاق پر ختم ہوئیں۔
انہوں نے اپنی کئی ساتھی اداکاراؤں سے تعلقات بھی رکھے مگر وہ بھی انجام تک نہ پہنچ سکے۔
ان سب ناکام رشتوں کی جڑ میں اکثر لوگوں نے ٹام کروز کے ایک متنازع فرقے سائینٹالوجی سے تعلق کو قرار دیا ہے، جو ان کے خاندانی تعلقات اور بیٹی کے ساتھ رشتے پر بھی اثر انداز ہوا۔
ٹام کروز نے 80 کی دہائی کے اوائل میں ہالیووڈ میں قدم رکھا، ابتدا میں وہ چھوٹے کرداروں میں نظر آئے لیکن پھر اپنی صلاحیتوں کے باعث جلد ہی نمایاں مقام حاصل کر لیا۔
1986ء میں فلم ’ٹاپ گن‘میں مرکزی کردار نے ان کے کریئر کو نئی بلندیوں پر پہنچایا۔
اسی دور میں ان کے چار رومانی تعلقات کی خبریں سامنے آئیں، جن میں سب سے نمایاں تعلق مشہور پاپ گلوکارہ چیر سے تھا۔
چیر اور ٹام کی پہلی ملاقات ایک مشہور شخصیت کی شادی میں ہوئی اور پھر دونوں ایک تقریب میں ملے جو ڈسلیکسیا (پڑھنے کی بیماری) کے مریضوں کے لیے منعقد کی گئی تھی۔
چونکہ دونوں اس بیماری کا شکار تھے، اس بنیاد پر ایک ذہنی ہم آہنگی پیدا ہوئی اور دونوں نے ڈیٹنگ شروع کر دی، اگرچہ تعلق زیادہ دیر قائم نہ رہ سکا لیکن دونوں کے درمیان دوستی برقرار رہی۔
پہلی بیوی کے ذریعے سائینٹالوجی سے تعارف
1987میں ٹام کروز نے اداکارہ میمی راجرز سے شادی کی، جو سائینٹالوجی فرقے سے منسلک تھیں۔ اس فرقے کا دعویٰ ہے کہ وہ آڈٹنگ نامی عمل کے ذریعے لوگوں کے ذہنی و روحانی مسائل حل کرتا ہے۔
میمی خود ایک آڈیٹر تھیں اور انہی کے ذریعے ٹام کروز کو اس مذہبی فرقے سے متعارف کروایا گیا۔
اگرچہ ان کی شادی 1990 میں ختم ہو گئی لیکن ٹام فرقے کے سرگرم پیروکار بن گئے اور یہاں تک دعویٰ کیا کہ ان کی ڈسلیکسیا اس فرقے کی مدد سے ٹھیک ہوئی۔
نکول کڈمین سے شادی اور علیحدگی
ٹام کروز نے اداکارہ نکول کڈمین سے 1990 میں شادی کی، یہ جوڑی اس وقت ہالی وڈ کی مقبول ترین جوڑیوں میں شمار ہوتی تھی،شادی کے بعد دونوں نے کئی فلموں میں کام کیا اور دو بچوں کو گود بھی لیا۔
تاہم 11 سال بعد 2001 میں اچانک علیحدگی کا اعلان ہوا، ٹام کے مطابق ان کی طلاق کی وجہ اختلافات تھے۔
ان کے بچے ٹام کے ساتھ رہنے لگے اور سائینٹالوجی کے پیروکار بن گئے جبکہ نکول کڈمین کو ان سے دور کر دیا گیا۔
ایک سابق سائینٹالوجی ممبر اور ٹام کے دوست کے مطابق، ان کی بیٹی ازابیلا نے ایک بار نکول کو مذہب دشمن کہا تھا۔
ٹام کروز اور اداکارہ پینیلوپے کروز کا رشتہ تین سال چلا، نکول سے طلاق کے بعد ٹام سائینٹالوجی سے کچھ دور ہو گئے تھے۔
اسی دوران فرقے کے رہنماؤں نے مبینہ طور پر ایسی خواتین کے آڈیشنز لیے جو اس فرقے سے منسلک ہوں تاکہ ٹام کیلئے نئی گرل فرینڈ منتخب کی جا سکے۔
2006 میں ٹام کروز نے سب کو حیران کر دیا جب انہوں نے اوپرا ونفرے کے شو میں کیٹی ہومز سے محبت کا اظہار کرتے ہوئے صوفے پر چھلانگ لگائی۔
اسی سال ان کی بیٹی سُری کی پیدائش ہوئی اور وہ ایک سائینٹالوجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔
یہ شادی بھی زیادہ عرصہ نہ چل سکی، 2012 میں کیٹی ہومز نے طلاق کی درخواست دی۔
ٹام کے مطابق کیٹی اپنی بیٹی کو سائینٹالوجی سے بچانا چاہتی تھیں اور اسی لیے شادی ختم کی، اس کے بعد سے سُری اب اس فرقے سے منسلک نہیں ہیں۔
سائینٹالوجی سے وابستگی: تنقید اور تنہائی
ٹام کروز سائینٹالوجی کے پرجوش حامی رہے ہیں اور کئی مشہور شخصیات کو اس میں شامل کرنے کی کوشش بھی کی ہے۔
انہوں نے یورپ میں اس فرقے کو بطور مذہب تسلیم کروانے کیلئے مہم بھی چلائی،۔
تنقید کرنے والوں کے مطابق، یہ فرقہ ٹام کی ذاتی زندگی، تعلقات اور شادیوں پر اثر انداز ہوتا رہا ہے اور اسی فرقے کے کہنے پر ان کا اپنی بیٹی سُری سے رابطہ بھی ختم ہو چکا ہے۔