سوشل میڈیا پر گزشتہ دو دن سے افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ خوف کی علامت اور شیطانی طاقتوں سے جڑی گڑیا اینابیل میوزیم سے غائب ہوگئی ہے تاہم اب لاپتہ ہونے کی افواہوں کے وائرل ہونے کے بعد حکام نے تصدیق کی ہے کہ اینابیل گڑیا محفوظ ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق لوزیانا کے ایک میوزیم سے بدنام زمانہ اینابیل گڑیا غائب ہونے کی خبریں وائرل ہونے کے بعد میوزیم کے حکام نے تصدیق کی ہے کہ حقیقی زندگی کی اینابیل گڑیا، جو اپنی “شیطانی طاقتوں” کے لیے مشہور ہے لاپتہ نہیں ہوئی اور محفوظ ہے۔
یہ گڑیا پیرانارمل تفتیش کار ایڈ اور لورین وارن کے وارنز میوزیم میں محفوظ طریقے سے رکھی گئی ہے، جہاں یہ کئی دہائیوں سے نمائش کے لیے موجود ہے۔
اس کے غائب ہونے کی افواہیں اس وقت سامنے آئیں جب اینابیل گڑیا ڈیولز آن دی رن ٹور کا حصہ تھی تاہم کچھ لوگوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے ٹور کے دوران گڑیا نہیں دیکھی، جس سے آن لائن قیاس آرائیاں ہوئیں کہ گڑیا لوزیانا سے غائب ہو گئی ہے۔
میوزیم کے قریبی علاقے واقع ایک ریزورٹ میں لگنے والی آگ نے افواہوں کو مزید ہوا دی کیونکہ لوگوں نے آگ اور اینابیل کی گمشدگی کے درمیان بے بنیاد روابط کی قیاس آرائیاں کرنا شروع کردیں۔