تازہ تر ین

سوال آیا بھاری، پریش راول سے متعلق سوال پر اکشے کمار بھڑک اٹھے

بالی وڈ کی مشہور کامیڈی فلم سیریز ‘ہیرا پھیری’ کے تیسرے پارٹ ‘ہیرا پھیری 3’ سے متعلق جاری تنازع پر آخرکار اکشے کمار نے خاموشی توڑ دی۔

اداکار پریش راول کے فلم سے اچانک علیحدہ ہونے اور فلمسازوں پر الزامات کے بعد یہ معاملہ انڈسٹری اور مداحوں کے درمیان گرما گرم موضوع بن گیا ہے۔

پریش راول نے دعویٰ کیا تھا کہ انہیں ‘ہیرا پھیری 3’ کے لیے نہ تو کوئی باقاعدہ اسکرپٹ دیا گیا، نہ ہی کوئی باضابطہ معاہدہ پیش کیا گیا، جس پر مایوس ہو کر انہوں نے فلم چھوڑنے کا فیصلہ کیا، ان کے اس اقدام نے فلمی حلقوں میں ہلچل مچا دی۔

یہ موضوع ایک بار پھر اس وقت زیرِ بحث آیا جب ‘ہاؤس فل 5’ کے ٹریلر لانچ ایونٹ کے دوران ایک صحافی نے اکشے کمار سے ان کے اور پریش راول کے درمیان اختلافات پر سوال کیا اور پریش راول کے اس عمل کو ‘بیوقوفانہ’ قرار دیا۔

اکشے کمار نے سوال پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے صحافی کو پریش راول کے لیے نامناسب الفاظ استعمال کرنے پر ٹوکا، انہوں نے کہا کہ ‘ایسے بیوقوفانہ جیسے الفاظ میرے ساتھی اداکار کے لیے استعمال کرنا مناسب نہیں ہے، میں ہرگز اسے نہیں سراہوں گا’۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں گزشتہ 32 سال سے پریش راول کے ساتھ کام کرتا آرہا ہوں، ہم بہت اچھے دوست ہیں، وہ ایک عظیم اداکار ہیں اور میں ان کی بے حد عزت کرتا ہوں لیکن یہ موقع اس معاملے پر بات کرنے کے لیے موزوں نہیں ہے، یہ ایک سنجیدہ معاملہ ہے جو اب عدالت میں زیرسماعت ہے، اس لیے میں اس پر یہاں گفتگو نہیں کرنا چاہتا’۔

پریش راول کا مؤقف

‘ٹائمز آف انڈیا’ کی ایک رپورٹ کے مطابق پریش راول کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ فلم ‘بھوت بنگلہ’ کی شوٹنگ کے دوران اکشے کمار نے پریش راول کو ‘ہیرا پھیری 3’ کے لیے ایک کاغذ پر دستخط کرنے کو کہا اور وعدہ کیا کہ مکمل معاہدہ بعد میں دیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق اکشے نے کہا تھا کہ ‘فکر نہ کرو، مجھ پر بھروسہ رکھو، باقاعدہ معاہدہ بعد میں آ جائے گا’۔

پریش راول نے ذاتی تعلقات اور نیک نیتی کے تحت اس کاغذ پر دستخط کر دیا، لیکن وہ اس وقت بھی غیر مطمئن تھے کیونکہ انہیں نہ تو کوئی اسکرپٹ دیا گیا اور نہ ہی پروڈکشن سے متعلق معلومات فراہم کی گئی تھی۔

اپریل میں جب انہیں ‘ہیرا پھیری 3’ کا پرومو شوٹ کرنے کے لیے کہا گیا تو انہوں نے ایک بار پھر اسکرپٹ، پروڈکشن پلان اور معاہدے کے بارے میں سوالات اٹھائے۔

ذرائع کے مطابق پرومو آخرکار ‘بھوت بنگلہ’ کے سیٹ پر کچھ شوٹ کیا گیا، لیکن چونکہ فلم کی شوٹنگ 2026 میں شروع ہونے والی تھی اس لیے پریش راول نے تجویز دی تھی کہ پرومو شوٹ کو بھی اگلے سال تک مؤخر کیا جائے، تاہم پراجیکٹ کی تفصیلات سے مسلسل لاعلم پریش راول نے بالآخر ‘ہیراپھیری 3’ کا حصہ نہ بننے کا فیصلہ کرلیا۔

مداح تشویش میں مبتلا ہیں کہ کیا اکشے کمار اور پریش راول کے درمیان صلح ہو پائے گی؟ یا ‘ہیرا پھیری 3’ پریش راول کے بغیر ہی آگے بڑھے گی؟ یہ سب آنے والے وقت میں ہی واضح ہو پائے گا۔

فی الحال معاملہ قانونی پیچیدگیوں میں الجھا ہوا ہے اور شائقین ان تینوں اداکاروں کو ایک بار پھر اسکرین پر ساتھ دیکھنے کی امید لگائے بیٹھے ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain