پاکستانی اداکارہ شازیل شوکت نے اسٹار فواد خان کو بھارتی جارحیت کی مذمت نہ کرنے پر آڑے ہاتھوں لے لیا۔
شازیل شوکت جنھوں نے بہت ہی کم وقت میں نا صرف پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری میں جگہ بنائی بلکہ اب وہ اپنی منفرد اداکاری کی وجہ سے لوگوں کے دلوں میں جگہ بنانے میں بھی کامیاب ہو گئی ہیں۔
شازیل شوکت شوبز انڈسٹری میں 5 سال مکمل کرچکی ہیں۔ انکے مشہور ڈراموں میں ‘پاکیزہ پھوپھو’ ، ‘میری مشعال’ ، ‘بے نام’ ، ‘نسا اور دکھاوا سیسز 3’ ، ‘تیری راہ میں’ ، ‘من آنگن’ ، ‘سمجھوتا’ اور ‘عداوت’ شامل ہیں۔
شازیل شوکت ایف ایچ ایم پوڈکاسٹ میں جلوہ گر ہوئیں جہاں انہوں نے بالی وڈ میں کام کرنے کی خواہش، پاک بھارت تعلقات اور معروف اداکار فواد خان پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
شازیل شوکت نے کہا کہ وہ مینیفیسٹیشن پر یقین رکھتی ہیں اور اپنے خوابوں کو حقیقت بنانے کے لیے خود کو ذہنی طور پر تیار کرتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘میں نے بھارت میں کام کرنے کا تصور کیا ہے لیکن صرف اس صورت میں کہ جب وہ مجھے فخر سے قبول کریں گے، مجھے وہاں سے عزت ملے’۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہبالی وڈ میں کوئی موقع پانے سے قبل اپنی اداکاری کو مزید نکھارنا چاہتی ہیں تاکہ موقع کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔’
گفتگو کے دوران میزبان نے فواد خان کا نام لیے بغیر اس تنازع سے متعلق سوال کیا جو پاک بھارت جنگ کے دوران فواد خان کی خاموشی کے سبب بنا۔
اس پر شازیل شوکت نے بھی فواد خان کا نام لیے بغیر کہا کہ ‘اگر میں ان کی جگہ ہوتی تو بھارت کی مذمت ضرور کرتی، میرا ایمان مضبوط ہوتا کہ کوئی چیز کسی کے ہاتھ میں نہیں سوائے اللہ کے، ہمیں یقین رکھنا چاہیے کہ رزق اللہ دیتا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ‘اگر بھارت کام دینے سے انکار کرے تو آپ کے لیے ہالی وڈ کا دروازہ بھی کھلا ہے، یا کسی دوسری انڈسٹری میں لیکن جہاں سے آپکو عزت نہیں مل رہی وہاں کام کرنا ہی کیوں ہے؟’
شازیل شوکت نے یہ بھی کہا کہ ‘میں تو اپنے ملک اور اپنے آپ کے بارے میں کچھ نہیں سن سکتی، اگر کوئی میرے یا میرے ملک کے خلاف ایک لفظ بھی کہے تو سخت جواب ہی پائے گا۔’