تازہ تر ین

آدتیا رائے کپور کے گھر میں انجان خاتون داخل، مقدمہ درج

بالی وڈ اداکار آدتیا رائے کپور کے گھر میں ایک انجان خاتون کے داخل ہوجانے پر مقدمہ درج کرلیا گیا۔

خاتون مبینہ طور پر بالی وڈ اداکار آدتیا رائے کپور کی ممبئی کے علاقے باندرہ ویسٹ میں واقع رہائش گاہ میں بغیر اجازت داخل ہوئی اور دعویٰ کیا کہ وہ ان کے لیے تحائف لائی ہے۔

یہ واقعہ 26 مئی کو اس وقت پیش آیا جب اداکار شوٹنگ کے لیے گھر سے باہر گئے ہوئے تھے۔

رپورٹس کے مطابق خاتون کی شناخت 47 سالہ غزالہ ذکریا صدیق کے نام سے ہوئی ہے جو دبئی کی رہائشی ہے۔

اداکار کی ملازمہ سنگیتا پوارنے کھار پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی ہے جو اس واقعے کے وقت گھر پر اکیلی تھی۔

پولیس کے درج کردہ مقدمے کے مطابق خاتون نے شام 6 بجے کے قریب دروازے کی گھنٹی بجائی اور ملازمہ سے پوچھا کہ کیا یہ آدیتیا رائے کپور کا گھر ہے ساتھ ہی بتایا کہ وہ اداکار کے لیے کپڑے اور دیگر تحائف دینے آئی ہیں۔ خاتون کی بات سن کر ملازمہ نے اسے گھر کے اندر آنے دیا۔

تھوڑی دیر بعد جب اداکار گھر واپس آئے تو ان کی ملازمہ نے خاتون کے بارے میں بتایا جس پر آدیتیا نے کہا کہ وہ اسے نہیں جانتے، اس دوران خاتون نے اداکار کے قریب آنے کی کوشش کی تاہم وہ فوری طور پر گھر سے باہر نکل گئے اور بلڈنگ کے سوسائٹی مینیجر جے شری ڈنکڈو سے رابطہ کیا۔

سوسائٹی کے مینیجر نے فوری طور پر اداکار کی مینیجر شروتی راؤ کو اطلاع دی، جو موقع پر پہنچی اور ساتھ ہی پولیس کو بھی بلا لیا۔

اس دوران جب خاتون سے اداکار کے گھر سے جانے کو کہا گیا تو اس نے انکار کردیا اور وہیں رہنے پر اصرار کیا۔

بعدازاں پولیس نے موقع پر پہنچ کر خاتون سے پوچھ گچھ کی جس پر اس نے اپنا نام بتایا اور کہا کہ وہ دبئی سے آئی ہے، البتہ اس نے واضح طور پر یہ نہیں بتایا کہ وہ وہاں کیوں آئی یا اسے اداکار کا پتہ کیسے ملا۔

ملازمہ کی شکایت پر پولیس نے بعد میں بھارتیہ نیا سنہتا کی دفعہ 331(2) کے تحت خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا جو گھر میں گھسنے سے متعلق ہے۔

ابتدائی تفتیش سے پتا چلتا ہے کہ خاتون اداکار کے گھر میں بغیر اجازت کے داخل ہوئی تھی اور اس کا مجرمانہ ارادہ ہو سکتا تھا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain