پاکستان کی تاریخ کی اہم ترین شخصیات میں سے ایک مادرِ ملت محترمہ فاطمہ جناح کی زندگی پر مبنی موسٹ اوویٹڈ ویب سیریز ‘مادرِ ملت’ کی شوٹنگ اور پروڈکشن مکمل کرلی گئی ہے اور اب اسے رواں سال ریلیز کیے جانے کے قوی امکانات ہیں۔
سیریز کے ہدایت کار دانیال کے افضال نے حال ہی میں ڈان امیجز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں بتایا کہ پروڈکشن کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور اب ریلیز کی تاریخ کے تعین پر غور کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ریلیز کی ممکنہ تاریخوں میں 31 جولائی (فاطمہ جناح کی سالگرہ)، 9 جولائی (فاطمہ جناح کی وفات کا دن) اور 25 دسمبر (قائداعظم محمد علی جناح کی سالگرہ) شامل ہیں۔
دانیال کے افضال کے مطابق سیریز کی تیاری میں تین سال سے زائد کا عرصہ لگا جس کے دوران نو آبادیاتی دور کے 92 مختلف مقامات پر شوٹنگ کی گئی۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ’پاکستان کی روح‘ سے جڑا ہوا ہے اور اس کی ریلیز سے قبل درست تقسیم کار کا انتخاب ضروری ہے تاکہ یہ سیریز عوام تک مؤثر طریقے سے پہنچ سکے۔
سیریز کی شاندار کاسٹ اور کہانی
سیریز فاطمہ جناح کی کاسٹ میں شوبز انڈسٹری کے نامور ستارے شامل ہیں جن میں لیجنڈری اداکار سرمد کھوسٹ، کبریٰ خان، عثمان مختار، منظر صہبائی، ثمینہ احمد، اور آمنہ الیاس شامل ہیں۔
اداکار عثمان مختار سیریز میں علامہ اقبال کا کردار ادا کر رہے ہیں جبکہ سرمد کھوسٹ مہاتما گاندھی کے روپ میں نظر آئیں گے۔
سیریز کی کہانی مادر ملت فاطمہ جناح کی زندگی کے مختلف ادوار پر مشتمل ہے جس میں ان کے بچپن، جوانی، تحریکِ آزادی میں کردار اور قیامِ پاکستان کے بعد کے حالات کو پیش کیا گیا ہے۔
یہ سیریز تین سیزنز پر مشتمل ہوگی جس میں ہر سیزن میں 15 اقساط شامل ہوں گی پہلے سیزن میں فاطمہ جناح کے بچپن اور جوانی کو پیش کیا جائے گا جس میں سندس فرحان ان کا کردار ادا کریں گی۔
دوسرے سیزن میں اداکارہ سجل علی فاطمہ جناح کے روپ میں نظر آئیں گی جبکہ تیسرے سیزن میں سمعیہ ممتاز یہ کردار ادا کریں گی۔
یاد رہے کہ ’مادرِ ملت‘ کی ریلیز میں پہلے بھی تاخیر ہو چکی ہے ابتدائی طور پر اسے 14 اگست 2022 کو ریلیز کرنے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم یہ ممکن نہ ہو سکا۔
بعد ازاں 14 اگست 2023 کو ریلیز کی نئی تاریخ دی گئی لیکن اس موقع پر بھی صرف سیریز کا اوریجنل ساؤنڈ ٹریک جاری کیا گیا۔
پروڈکشن کمپنی اور ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی جانب سے ریلیز میں تاخیر کی وجوہات بیان نہیں کی گئیں تاہم اب بھی دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ سیریز جلد ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارمز اور ٹی وی اسکرینز پر پیش کی جائے گی۔
ٹریلر کی تفصیلات
ویب سیریز فاطمہ جناح کے گزشتہ برس جاری کیے گئے مفصل 15 منٹ دورانیے کے ٹریلر میں فاطمہ جناح کے قیام پاکستان سے قبل، قیام پاکستان کے وقت اور قیام پاکستان کے بعد کے مناظر دکھائے گئے ہیں۔
ٹریلر میں فاطمہ جناح کے لڑکپن اور جوانی کا کردار سندس فرحان جب کہ ان کی ادھیڑ عمری کا کردار سجل علی اور زائد العمری کا کردار سمعیہ ممتاز کو ادا کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
ٹریلر میں سوشل میڈیا سے اداکاری کے میدان میں آنے والی اداکارہ دنانیر مبین کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے جنہوں نے ’انیتا پونا والا‘ نامی صحافی کا کردار ادا کیا ہے۔
مفصل ٹریلر میں فاطمہ جناح کے سیکریٹری جوزف کا کردار بھی دکھایا گیا ہے جسے عمر عبداللہ نے ادا کیا ہے۔
ٹریلر میں قیام پاکستان کے وقت ہونے والی قتل و غارت گری کو بھی دکھایا گیا ہے اور ٹرین میں بچوں، خواتین اور مرد حضرات کی لاشوں کے دل ہلا دینے والے مناظر بھی دکھائی گئے ہیں۔
ٹریلر میں قیام پاکستان کے بعد فاطمہ جناح کو صدارتی انتخاب کے امیدوار کے طور پر بھی دکھایا گیا ہے جس سے یہ عندیہ ملتا ہے کہ سیریز میں کئی کردار ہوں گے اور اس میں اس وقت کے سیاسی و مذہبی حالات بھی دکھائے جائیں گے تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔