پاکستان کی معروف اور باصلاحیت اداکارہ یمنیٰ زیدی نے انسٹاگرام پر اپنے فالوورز کی تعداد ایک کروڑ (10 ملین) سے تجاوز کر جانے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔
یمنی زیدی اس وقت پاکستانی ڈرامہ انڈسٹری کی صفِ اوّل کی اداکاراؤں میں شمار ہوتی ہیں، ان کی موجودگی کسی بھی ڈرامے کو سپر ہٹ بنانے کے لیے کافی ہے۔
یمنیٰ زیدی کی اداکاری کی خاص بات ان کا کردار میں ڈوب کر اس کے جذبات کو حقیقی رنگ کے ساتھ اسکرین پر پیش کرنا ہے۔
جہاں مداح یمنیٰ زیدی کے کام کو سراہتے ہیں وہیں انڈسٹری میں ان کے ساتھی بھی ان کی صلاحیتوں کے معترف ہیں، ان کی اداکاری کے سفر میں ان کی محنت اور لگن نمایاں ہے۔

بلاک بسٹر ڈرامے ’دل نا امید تو نہیں‘ ، ‘ڈر سی جاتی ہے صلہ’، ’ پری زاد‘ ، ’صنفِ آہن‘، ‘پیار کے صدقے’ اور ’یہ رہا دل‘ جیسے ڈراموں میں بہترین اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ یمنیٰ زیدی ٹیلی ویژن کے علاوہ فلم ‘نایاب’ کے ذریعے بڑی اسکرین پر بھی اپنی پرفارمنس کے جوہر دکھا چکی ہیں۔
اداکارہ کو مقبولیت کے آسمان پر پہنچانے والا ڈراما ’تیرے بن‘ تھا جس نے 2023 میں ٹی آر پی ریکارڈز بریک کیے اور بھارت میں بھی خوب پسند کیا گیا۔
اداکارہ حال ہی میں ڈرامہ سیریل قرض جان میں نظر آئی تھی جس میں ایک وکیل کے کردار میں ان کی ادکاری کو ایک مرتبہ پھر پذیرائی ملی۔
یمنیٰ کی یہ کامیابیاں ان کی شہرت میں اضافہ کررہی ہیں جس کا اظہار انسٹاگرام پر بڑھتے ان کے فالوورز کی صورت میں نظر آتا ہے۔
اداکار کو اب فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم پر ایک کروڑ سے زائد اکاؤنٹس فالو کررہے ہیں۔
اس اہم سنگ میل کو عبور کرنے پر اداکارہ نے اپنے مداحوں کے لیے ایک دل کو چھو لینے والا نوٹ بھی شیئر کیا۔

اداکارہ نے لکھا کہ ‘کچھ برس قبل میں نے خوشی کا ایک بیج بویا تھا اور اب میں محبت، احترام اور خوشیوں کا ایک باغ اپنے پاس رکھتی ہوں’۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنے مداحوں کو پھولوں سے تشبیہہ دیتے ہوئے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔
اداکارہ نے لکھا کہ ‘میرے انسٹاگرام کے باغ میں ایک کروڑ خوبصورت پھولوں کےلیے سب کا شکریہ’۔
دوسری جانب مداح بھی اداکارہ کی اس اچیومنٹ پر انہیں مبارکباد دیتے نظر آئے۔