بھارتی ٹی وی اسٹار و فیملی ویاگر دیپیکا ککڑ نے انکشاف کیا ہے کہ انہیں جگر کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے جس کی اسٹیج 2 ہے۔
ٹی وی ڈراما ‘سسرال سمر کا’ سے شہرت پانے والی اداکارہ دیپیکا ککڑ اب ڈرامائی دنیا کے بجائے اپنی حقیقی زندگی فینز کے ساتھ ولاگز کی صورت میں شیئر کرتی ہیں، اس کے ساتھ وہ اپنا کلاتھنگ بزنس بھی چلا رہی ہیں۔
تاہم دپیکا ککڑ اور ان کے شوہر اداکار شعیب ابراہیم ان دنوں اپنی زندگی کے سب سے مشکل دور سے گزر رہے ہیں جس کی وجہ اداکارہ کی بگڑتی صحت ہے۔
رواں ماہ شعیب ابراہیم نے اپنے یوٹیوب ویلاگ میں انکشاف کیا تھا کہ ان کی اہلیہ کے جگر میں ٹیومر پایا گیا ہے، جس کا سائز تقریباً ٹینس بال کے برابر ہے۔
شعیب نے بتایا تھا کہ ‘رسولی کی نوعیت جانچنے کے لیے مزید ٹیسٹ کیے گئے ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ یہ کینسر ہے یا نہیں۔ ، البتہ اب تک کی رپورٹس میں کینسر کا کوئی ثبوت نہیں ملا لیکن دیپیکا کے جگر میں رسولی ہے جس کے لیے سرجری ہوگی۔’
تاہم اب دپیکا کاکڑ نے اپنے ٹیومر کے بارے میں ہیلتھ اپ ڈیٹ شیئر کی ہے اور بدقسمتی سے یہ کینسر ہی ہے۔
اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دیپیکا ککڑ نے مداحوں کو اپنی صحت کے بارے میں اپ ڈیٹ کرتے ہوئے ایک نوٹ شیئر کیا۔
اداکارہ نے انکشاف کیا کہ ٹیسٹ کروانے کے بعد نتائج سے پتا چلا کہ ان کا ٹیومر کینسر زدہ ہے۔
دیپیکا نے لکھا کہ ‘جیسا کہ آپ سب جانتے ہیں کہ گزشتہ کچھ ہفتے ہمارے لیے کافی مشکل رہے ہیں۔۔۔ میرے پیٹ کے اوپری حصے میں درد کی وجہ سے اسپتال جانا۔۔ اور پھر جگر میں ٹینس بال سائز کے ٹیومر کا پتا لگانا اور پھر پتا چلا کہ ٹیومر دوسری اسٹیج کا مہلک (کینسر) ہے’۔
انہوں نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ ‘یہ سب سے مشکل وقت رہا ہے جو ہم نے دیکھا، اور اس کا تجربہ کررہے ہیں’۔
اداکارہ نے مزید کہا کہ وہ مثبت رہتے ہوئے اس بیماری کا بہادری سے سامنا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔
دپیکا نے اپنے نوٹ میں کہاکہ میری پوری فیملی میرے ساتھ ہے اور آپ سب کی طرف سے آنے والی تمام محبتوں اور دعاؤں کے ساتھ میں اس سے گزر جاؤں گی! انشاء اللہ’۔
ساتھ ہی انہوں نے اپنے خیرخواہوں سے دعاؤں کی درخواست کرتے ہوئے کہا کہ ‘مجھے اپنی دعاؤں میں رکھیں! بہت ساری محبت، دیپیکا’۔
اس نوٹ کے کیپشن میں بھی اداکارہ نے مداحوں پر زور دیا کہ ’مجھے اپنی دعاؤں میں رکھیں‘۔
ٹیومر کی تشخیص کے بارے میں جاننے کے بعد دiپیکا کو رواں ہفتے ٹیومر نکالنے کی سرجری سے گزرنا تھا، تاہم اداکارہ نے ابھی تک اپنی سرجری کے بارے میں کوئی اپ ڈیٹ شیئر نہیں کی۔
البتہ اداکارہ کی جانب سے کینسر کی تشخیص کی اطلاع دینے کے بعد ان کے مداحوں کی جانب سے ان کی جلد صحتیابی کی دعاؤں کا ڈھیر لگ گیا ہے۔
خیال رہے کہ دیپیکا ککڑ کی سسرال سمر کا کی شوٹنگ کے دوران شعیب ابراہیم سے ملاقات ہوئی تھی جو جلد ہی دوستی سے محبت میں بدل گئی تھی۔
اداکار جوڑے نے 2018 میں ایک مختصر اور نجی تقریب میں شادی کی اور دیپیکا نے اسلام قبول کرنے کے بعد اپنا نام فائزہ رکھا تھا، جوڑے نے جون 2023 میں اپنے بیٹے روحان کو خوش آمدید کہا تھا۔