تازہ تر ین

“‘ہاؤس فل 5’ کی فیس؟ اکشے نے ہنسا ہنسا لوٹ پوٹ کر دیا

بالی وڈ فلم انڈسٹری کے سپر اسٹار اکشے کمار اپنی آنے والی فلم ‘ہاؤس فل 5’ کے ساتھ ایک بار پھر مزاحیہ اداکاری کی دنیا میں واپس آنے کے لیے تیار ہیں۔

اس مزاحیہ فلم کا ٹریلر منگل کو ممبئی میں ایک شاندار تقریب میں جاری کیا گیا اور اس موقع پر اداکار اکشے کمار نے اپنی فیس کے بارے میں جاننے کے خواہشمند ایک صحافی کو مزاحیہ انداز میں چپ کرا دیا۔

تقریب کے دوران فلم کے ہدایتکاروں اور اداکاروں نے ایک صحافی کے ساتھ دوستانہ انداز میں بات چیت کی جو فلم کی مجموعی کاسٹ کی فیس کے ساتھ ساتھ بجٹ بھی جاننا چاہتا تھا۔

انسٹاگرام پر جاری ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جب صحافی نے اکشے کمار سے فلم کے معاوضے کے بارے میں سوال کیا تو اداکار نے اپنے مخصوص انداز میں جواب دیا کہ ‘میں نے پیسے لیے ہوں گے تو میں تجھے کیوں بتاؤں گا؟ تو ہمارا بھتیجا لگتا ہے؟‘۔

انہوں نے مزید کہا ‘میں نے ہاؤس فل 5 میں اداکاری کیلئے بہت اچھی رقم لی ہے اور فلم بھی بہت اچھے بجٹ پر بنی ہے آج خوشی کا دن ہے مجھے بتا کیا تجھے میرے گھر پر چھاپا مارنا ہے؟ چھوڑ نا‘۔

ٹریلر کے بارے میں

فلم کا آفیشل ٹریلر آج 27 مئی کو ریلیز کر دیا گیا ہے، جس نے ریلیز کے ساتھ ہی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی ہے، فلم 6 جون 2025 کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

تقریباً 3 منٹ 53 سیکنڈ طویل اس ٹریلر کو سنٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفکیشن (CBFC) نے UA 16+ کی ریٹنگ کے ساتھ کلیئر کردیا ہے جس میں ہنسی، تجسس، ایڈونچر اور سنسنی سب کچھ شامل ہے۔

ٹریلر کی شروعات نانا پاٹیکر کی گرجدار آواز سے ہوتی ہے، جو ایک پرتعیش یاٹ پر ایک ارب پتی بزرگ کی 100 ویں سالگرہ کے جشن کا منظر پیش کرتے ہیں لیکن خوشی کا یہ لمحہ ایک حیران کن موڑ لیتا ہے جب ارب پتی بزرگ اپنی وصیت کا اعلان کرنے ہی والے ہوتے ہیں اور اچانک ان کی موت واقع ہوجاتی ہے۔

اس کے بعد فلم کا سسپنس شروع ہوتا ہے، جہاں تین مرکزی کرداروں پر شک کیا جاتا ہے، لیکن حیرانی کی بات یہ ہے کہ انہیں نشہ آور مشروب پینے کی وجہ سے کچھ یاد نہیں رہتا۔

واضح رہے کہ ‘ہاؤس فل 5’ مبینہ طور پر تقریباً 350 کروڑ روپے کے بھاری بجٹ پر بنائی گئی ہے اور اس میں تقریباً 20 اداکار شامل ہیں۔

جن میں اکشے کمار، رتیش دیشمکھ، ابھیشیک بچن، شریاس تلپڑے، جیکی شروف، ڈینو موریا، سنجے دت، نانا پاٹیکر، فردین خان، جیکولین فرنینڈس، نرگس فخری، سونم باجوہ، سوندریہ شرما، چترانگدا سنگھ، چنکی پانڈے، جونی لیور، اور دیگر شامل ہیں۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain