بالی وڈ کی انتہائی مقبول کامیڈی فرنچائزز میں سے ایک ہاؤس فل کے پانچویں حصے کا ٹریلر آج ریلیز کردیا گیا، جسے خاصی پذیرائی مل رہی ہے۔
تاہم ٹریلر کی ریلیز کے ساتھ فلم کے پروڈیوسر ساجد ناڈیاڈوالا نے ایک ایسا حیرت انگیز اعلان کیا جس نے شائقین کو چونکا کر رکھ دیا ہے۔
ممبئی میں منعقدہ ٹریلر لانچ کی تقریب میں ساجد ناڈیاڈوالا نے ایک منفرد تجربے کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ‘میں گزشتہ 30 برس سے اس آئیڈیے کے بارے میں سوچ رہا تھا کہ ایسی سنسنی خیز فلم بنائی جائے کہ ناظرین تھیٹر سے جانے کے بعد بھی اس کے بارے میں بات کرتے رہیں’۔
انہوں نے کہا کہ ‘چنانچہ میں نے ایک ایسی کہانی تیار کی جس کا انجام مختلف تھیٹرز میں مختلف ہوگا، یعنی فلم کے آخر میں سامنے آنے والا قاتل الگ انجام کے ساتھ الگ ہوگا’۔
انہوں نے مختلف سینما گھروں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ فلم کا اختتام ہر تھیٹر میں مختلف ہوگا اور آپ کو الگ الگ اسکرینز پر الگ کردار قاتل کے روپ میں ملے گا، یعنی آپ جتنی مرتبہ فلم دیکھیں گے ہر بار ایک نیا انجام دیکھنے کو ملے گا۔
ساجد ناڈیاڈوالا نے دعویٰ کیا کہ یہ پہلی مرتبہ ہے کہ نہ صرف بھارت بلکہ دنیا میں اس قسم کا اچھوتا آئیڈیا متعارف کروایا جارہا ہے۔
بات چیت کے دوران اداکار فردین خان نے ریمارکس دیے کہ فلم کی کاسٹ کو بھی اس کے انجام کا علم نہیں تھا اور یہ بات انہیں شوٹنگ ختم کرنے کے بعد بتائی گئی۔
ساجد نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ قتل کی رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے آدھی کاسٹ بھی نہیں جانتی کہ قاتل کون ہے۔
انجام کیسے مختلف ہوگا؟
بالی وڈ ہنگامہ کی ایک رپورٹ کے مطابق ساجد ناڈیاڈوالا کی ہاؤس فل 5 سینما ہالوں میں دو ورژن کے ساتھ ریلیز ہوگی، ان دونوں ورژن میں مختلف قاتل ہوں گے، اسے ہاؤس فل 5 اور ہاؤس فل 5 اے کہا جارہا ہے۔
مثال کے طور پر اگر ہاؤس فل 5 میں قاتل X ہے، تو ہاؤس فل 5اے میں قاتل Y ہوگا، خیال یہ ہے کہ اس سے ناظرین فلم کو دوبارہ دیکھنے میں دلچسپی لیں گے کیونکہ آخری 20 منٹ بالکل تازہ تجربہ ہوں گے، جس میں مزاح کی پرتیں بھی شامل ہوں گی’۔
یہ اپنی نوعیت کی ایک انوکھی حکمت عملی ہے، اور پوری انڈسٹری یہ دیکھنے کے لیے پرجوش ہے کہ شائقین فلم کی اس حکمت عملی پر کیا ردعمل ظاہر کرتے ہیں جو دو الگ الگ کلائمکس کے ساتھ ریلیز ہوگی۔
ہاؤس فل 5 آئندہ ماہ 6 جون کو ریلیز ہونے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اس فلم میں ہندی فلم کے لیے سب سے طویل اسٹار کاسٹ ہے، جس میں 19 اداکار ایک ساتھ مکمل افراتفری کے لیے سینما اسکرین پر آ رہے ہیں۔
ترون منسوخانی کی ہدایت کاری میں، ہاؤس فل 5 مضحکہ خیز غلطیوں کی ایک کامیڈی فلم ہے جس کے ساتھ ایک قتل کا اسرار بھی شامل ہے۔
ٹریلر کے مطابق، اکشے کمار، رتیش دیش مکھ، اور ابھیشیک بچن مرکزی ملزمان کے طور پر سامنے آئے ہیں۔
فلم میں ستاروں سے بھرپور کاسٹ میں جیکولین فرنینڈس، سونم باجوہ، نرگس فخری، چترانگدا سنگھ، شریاس تلپڑے، جانی لیور، سنجے دت، جیکی شروف، نانا پاٹیکر، فردین خان، چنکی پانڈے، اور دیگر اداکار شامل ہیں۔