پاکستانی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے ایک مرتبہ پھر اپنی شاندار کارکردگی سے مداحوں کے دل جیت لیے۔
28 مئی کو بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گئے پہلے ٹی 20 میچ میں حسن علی نے 5 وکٹیں لے کر پاکستان کو فتح دلوانے میں کلیدی کردار ادا کیا، بعدازاں گزشتہ روز دوسرے ٹی20 میچ میں بھی پاکستان نے بنگلہ دیش کو شکست دیدی، یوں پاکستان نے تین میچوں کی سیریز میں 0-2 کی ناقابلِ شکست برتری حاصل کرلی ہے۔
حسن علی کا شمار پاکستان کے بہترین فاسٹ بولرز میں ہوتا ہے، وہ 2017 کی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے ہیرو رہے، جہاں انہوں نے بھارت کے خلاف فائنل میں 19 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں، 2021 میں جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں وہ حریف ٹیم کی 5 وکٹیں لیکر شہرت کی بلندیوں پر پہنچ گئے تھے۔
غیرمتاثرکن پرفارمنس کے سبب کچھ عرصہ ٹیم سے باہر رہنے کے بعد حسن علی نے قومی کرکٹ اکیڈمی (NCA) میں خاموشی سے محنت جاری رکھی، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی اور اپنی فارم بحال کی، ان کی حالیہ کارکردگی نے ثابت کر دیا کہ وہ اب بھی قومی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
اہلیہ کا جذباتی پیغام اور سیلفیاں
حسن علی کی کامیابی پر ان کی اہلیہ سمیعہ خان نے سوشل میڈیا پر اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے شوہر کے لیے ایک تحسین آمیز پیغام جاری کیا۔
انہوں نے لکھا کہ ‘وہ ٹی وی پر آکر نہ روئے، نہ ہی کسی پر الزام لگایا، وہ خاموشی سے این سی اے واپس گئے، خود پر کام کیا، ڈومیسٹک کرکٹ کھیلی اور فوکسڈ رہے، کوئی شور نہیں، صرف خالص محنت کی، حقیقتاً وہ ایک زندہ مثال ہیں، یہ کامیابی ان کا حق ہے’۔

سمیعہ خان نے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شوہر کے ساتھ خوبصورت سیلفیاں بھی شیئر کیں، جن میں وہ فتح کا جشن مناتی نظر آئیں، ان تصاویر کو شائقین کرکٹ کی جانب سے بھی بے حد پسند کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی کرکٹ شائقین حسن علی کی فارم میں واپسی اور زبردست پرفارمنس پر خوشی سے جھوم اٹھے ہیں، سوشل میڈیا پر #HassanAli ٹرینڈ کرنے لگا، جہاں مداح ان کی محنت، عزم اور حوصلے کی تعریف کر رہے ہیں۔
اس کارکردگی کے بعد امید کی جا رہی ہے کہ حسن علی اگلے اہم ٹورنامنٹس میں بھی قومی ٹیم کا اہم حصہ ہوں گے۔
سمیعہ خان کی جانب سے حسن علی کے ساتھ قذافی اسٹیڈیم لاہور سے شیئر کردہ تصاویر میں وہ دونوں خوشی سے سرشار نظر آ رہے ہیں، جس سے اس جوڑے کے درمیان محبت اور فخر کا عکس ظاہر ہورہا ہے۔
حسن علی کی اہلیہ کے ساتھ خوبصورت تصاویر یہاں دیکھئے؛





