ایف آئی ایچ نیشنز کپ میں پاکستان نے جاپان کو سنسنی خیز مقابلے میں تین دو کے اسکور سے شکست دے دی۔
کوالالمپور میں جاری ایونٹ میں پاکستانی ٹیم اپنے دوسرے میچ میں جاپان کے مدمقابل تھی جس میں قومی ٹیم نے دو ۔ ایک کے خسارے سے کم بیک کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی۔
پاکستان کو غضنفر علی نے پہلے کوارٹر میں گول کرکے برتری دلائی،جاپان نے کازوماسا کے گول کی بدولت ایک منٹ بعد مقابلہ برا برابر کیا۔ دو منٹ بعد کوجی یاما ساکی نے گول کرکے جاپان کو برتری دلادی۔
پہلے کوارٹر میں مقابلہ دو ایک سے جاپان کے حق میں تھا، دوسرے کوارٹر میں کوئی بھی ٹیم گول نہ کرسکی۔ تیسرے کوارٹر میں پاکستان کے رانا وحید اشرف نے گول کرکے مقابلہ دو ، دو گول سے برابر کردیا۔
چوتھےکوارٹر میں سفیان خان نے پنالٹی کارنر کو گول میں تبدیل کرکے پاکستان کوبرتری دلائی جو فیصلہ کن ثابت ہوئی، یوں پاکستا ن نے مقابلہ تین دو سے جیت کرتین قیمتی پوائنٹس حاصل کرلیے۔
پاکستان نے پول بی میں چار پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کرلی ہے، پاکستانی ٹیم ایونٹ میں اپنا تیسرا میچ بدھ کو نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلےگی۔