نیشنل کرش آف انڈیا کا خطاب اپنے نام کرنے والی اداکارہ رشمیکا مندانا کی بلاک بسٹر فلم ’پشپا2’ کے بعد ریلیز ہونے والی تینوں فلموں کے معاوضے میں حیران کن کمی کا انکشاف سامنے آگیا۔
کسی بھی فنکار کی کامیابی کو اس کے معاوضے سے تولا جانا اب معمولی بات ہوگئی ہے جو اداکار سب سے زیادہ معاوضہ وصول کرتا ہے اسے اے لسٹ میں شمار کیا جاتا ہے اسکے برعکس کم معاوضہ ملنے والے فنکار دوسرے درجے پر آتے ہیں۔
لیکن کیا اداکارہ رشمیکا مندانا کا درجہ پہلے سے کم ہوگیا ہے؟ یہ وہ سوال ہے جو ان کی حالیہ ریلیز فلموں کے بعد اٹھایا جارہا ہے۔
سال 2024 میں تہلکہ مچانے والی بلاک بسٹر فلم ’پشپا 2، دی رول’ ساؤتھ انڈین فلم اسٹار اللو ارجن اور نامور اداکارہ رشمیکا منداناکی سپر ہٹ فلموں میں شمار ہوتی ہے جس کے لیے اداکارہ کو 10 کروڑ روپے کا بھاری معاوضہ دیا گیا تھا۔
جبکہ اس فلم کے پہلے حصے میں اداکارہ کی کمائی تقریباً 3 کروڑ روپے تھی۔ اس حیران کن معاوضے کے بعد رشمیکا کی مقبولیت میں چار گناہ اضافہ بھی دیکھنے کو ملا لیکن کیا اب انکی مقبولیت مانند پڑتی جارہی ہے؟
رشمیکا کے معاوضے میں کمی؟
رشمیکا مندانا جنہوں نے گزشتہ چند سالوں میں کئی کامیاب فلمیں دی ہیں جن میں خاص طور پر ’اینیمل’ اور ’پشپا 2’ کی زبردست کامیابی شامل ہے ان فلمز نے ان کی اداکاری کی صلاحیتوں کو مزید اجاگر کیا۔
تاہم بھارتی میڈیا کی حالیہ رپورٹس کے مطابق ان فلموں کے بعد رشمیکا کی اگلی تین فلموں میں ان کی فیس میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
بلاشبہ رشمیکا مندانا نے ’پشپا 2’ کے لیے 10 کروڑ روپے کی بھاری فیس لے کر خود کو بھارت کی سب سے زیادہ معاوضہ لینے والی اداکاراؤں میں شامل کر لیا تھا لیکن اب ان کے معاوضے میں حیران کن کمی سامنے آئی ہے۔
کیونکہ پشپا ٹو کے بعد رشمیکا مندانا فلم ’چھاوا’ میں وکی کوشل کے ساتھ نظر آئیں جس کے لیے انہیں 4 کروڑ روپے کا معاوضہ دیا گیااس کے بعد وہ سلمان خان کے ساتھ فلم ’سکندر’ میں جلوہ گر ہوئیں جس کے لیے انہوں نے مبینہ طور پر 5 کروڑ روپے فیس وصول کی۔
اب انکی حالیہ فلم ’کبیرا (Kuberaa) سے متعلق اطلاعات ہیں کہ انہیں فلم کیلئے 4 کروڑ روپے ادا کیے گئے ہیں۔
اس اندازے کے مطابق دیکھا جائے تو پشپا کے سیکوئل کے بعد رشمیکا کی فیس تقریباً آدھی یا اس سے بھی کم ہو گئی ہے۔
اگرچہ اداکارہ کی جانب سے اس بارے میں کوئی تصدیق یا تبصرہ سامنے نہیں آیا ہے لیکن خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکن ہے وہ اب کردار کی اہمیت اور کہانی کے معیار کو فیس پر ترجیح دے رہی ہوں۔
رشمیکا مندانا کا ورک شیڈول
بات کریں اداکارہ کے ورک فرنٹ کی تو فلم ’کُبیرا’ کے بعد اداکارہ کے پاس جنوبی ہند کی علاقائی فلموں اور ہندی فلموں کا ایک بہترین شیڈول تیار ہے۔
ان کی آنے والی فلموں میں ’تھاما’ (Thaama)، ’دی گرل فرینڈ’ (The Girlfriend) اور ’کوکٹیل 2’ (Cocktail 2) شامل ہیں اس کے علاوہ غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق رشمیکا مندانا وجے دیوراکونڈا کے ساتھ راہول سنکرتھیان کی فلم میں بھی کام کر سکتی ہیں۔
ان کے پراجیکٹس کو دیکھنے کے بعد یہ کہنا غلط نہ ہوگا کہ رشمیکا مندانا فی الحال نہ صرف ایک پین انڈیا اسٹاربن چکی ہیں بلکہ وہ اپنی اداکاری کے تنوع، خوبصورتی، اور خود اعتمادی کی وجہ سے نوجوانوں کی بھی پسندیدہ اداکارہ بن گئی ہیں۔