واشنگٹن(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اہلیہ میلانیا ٹرمپ کے اٹلی میں جی 7 سمٹ میں شرکت کرنے کیلئے 68 ہزار ڈالر کے بیش قیمت کوٹ پہننے پر امریکہ میں ہنگامہ برپا ہوگیا۔امریکی خبر رساں ادارےنیویارک پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق امریکی خاتون اول کی ایک ایسی تصویر منظر عام پر آئی ہے جس میں وہ جی سیون سمٹ میں شرکت کرنے کیلئے اپنی کار سے نکل رہی ہیں اور انہوں نے معروف ملبوسات تیار کرنے والی کمپنی ڈولچی اینڈ گبانا کا بیش قیمتی کوٹ پہنا ہوا ہے ۔اس کوٹ کی قیمت کا اندازہ68 ہزار ڈالر جو کہ تقریبا 71 لاکھ 26 ہزار چار سو پاکستانی روپے بنتی ہے لگایا گیا ہے اور یہ قیمت ایک آسٹریلوی شہری کی سالانہ تنخواہ سے 10 ہزار ڈالر کم بنتی ہے۔رپورٹ کے مطابق میلانیا نے جو کوٹ پہنا اس سے چھوٹے کوٹ کی قیمت21 ہزار 2 سو پچاس ڈالر ہے جوکہ برانڈ کے آن لائن سٹور پر دستیاب ہے ۔کوٹ کے ڈیزائنر سٹیفنو گبانا کی جانب سے سوشل میڈیا ویب سائٹ انسٹا گرام پر میلانیا کے اس کوٹ کے انتخاب کرنے کے عمل کو سراہا گیا اور خاتون اول کا شکریہ ادا کیا گیا۔میلانیا نے اٹلی کے شہر سیسلی میں ہونیوالے جی 7 سمٹ میں شرکت کے دوران کئی ڈیزائنرز کے ملبوسات زیب تن کئے۔واضح رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی انتخاب جیتنے کے بعد کئی معروف ڈیزائنرز نے میلانیا کے لئے لباس بنانے سے انکار کردیا تھا جن میں سے امریکی ڈیزائنر مارک جیکبز،ٹام فورڈ اور ڈیرک لیم قابل ذکر ہیں۔
