ریاض (خصوصی رپورٹ) حضرت عثمانؓ کی جانب سے وقف کئے جانے والا کنواں 1400برس سے جاری ہے۔ غیرملکی میڈیا کی ٹیم نے مدینہ منورہ میں واقع ”بئر رومہ“ کا دورہ کیا جو ”بئر عثمان“ کے نام سے مشہور ہے۔ 1400برس پہلے داماد رسول اور خلیفہ سوم حضرت عثمانؓ بن عفانؓ نے اس کنویں کو خرید کر قیامت تک کیلئے مسلمانوں کے واسطے وقف کر دیا تھا۔ اس کنویں کے پانی سے آج بھی ملحقہ باغ عثمان کو سیراب کیا جاتا ہے۔ یہ باغ سعودی وزارت زراعت کے زیرنگرانی ہے جس کی وجہ سے انتہائی اہمیت کے حامل ہونے کے باوجود زائرین کو اس مقام میں داخل ہونے میں دشواری پیش آتی ہے۔ ”بئر رومہ“ ایک صحابی کی ملکیت تھا جس کا نام ”رومہ الغفاریؓ تھا۔ وہ اس کنویں کا پانی فروخت کیا کرتے تھے۔ ایک مرتبہ رسول نے ان سے فرمایا کہ ”کیا تم اس کنویں کو جنت کے چشمے کے بدلے فروخت کروگے۔“ انہوں نے جواب دیا یا رسول اللہ میرے پاس اس کے سوا کوئی کنواں ہے نہیں لہٰذا میں ایسا نہیں کر سکتا۔ اس پر حضرت عثمانؓ بن عفانؓ نے 35ہزار درہم کے عوض اس کنویں کو خرید لیا۔ اس کے بعد اللہ کے نبی کی خدمت میں حاضر ہو کر پوچھا کہ اگر میں اس کنویں کو خرید لوں تو کیا میرے لئے بھی جنت کے چشمے کی وہی پیشکش ہو گی جو آپ نے رومہ کو فرمائی تھی۔ آپ نے فرمایا ”ہاں….“ اس پر حضرت عثمانؓ نے کہا ”میں اس کو مسلمانوں کے واسطے خرید چکا ہوں۔“
کنواں
