کوئٹہ میں حالی روڈ پر پشین اسٹاپ کے قریب خودکش دھماکے میں 5 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوگئے۔
جیونیوز کے مطابق پولیس نے حالی روڈ کے قریب دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ دھماکے میں اب تک 5 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
پولیس کاکہنا ہےکہ دھماکے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں جہاں سے لاشوں اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق دھماکے کے بعد فائرنگ کی آوازیں بھی سنی گئیں۔
ایم ایس سول اسپتال ڈاکٹر عبدالہادی کے مطابق دھماکےکی جگہ سے 5 لاشیں اور 20 سے زائد زخمی اسپتال منتقل کیے گئے ہیں، دھماکے میں جاں بحق ہونے والے عام شہری ہیں۔
اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ
ترجمان محکمہ صحت کے مطابق کوئٹہ میں دھماکے کے پیش نظر سول اسپتال، بی ایم سی اسپتال اور ٹراما سینٹر میں ایمرجنسی نافذکردی کردی گئی ہے ۔
ترجمان نے بتایا کہ تمام کنسلٹنٹس، ڈاکٹرز، فارماسسٹس، اسٹاف نرسز اور پیرا میڈیکل اسٹاف اسپتالوں میں طلب کرلیا گیا ہے۔
دوسری جانب حالی روڈ پر دھماکے کی سی سی ٹی وی بھی سامنے آئی ہے جس میں زوردار دھماکے کے بعد جائے وقوعہ سے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے جب کہ قریب سڑک پر موجود کئی گاڑیاں بھی دھماکے کی زد میں آگئیں۔
بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان کا گاڑی سے خودکش حملہ
علاوہ ازیں سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ کوئٹہ میں پشین اسٹاپ پر بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان نےگاڑی سے خودکش حملہ کیا جس میں حملہ آور سمیت 5 دہشتگرد جہنم واصل ہوگئے ۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق پہلے ایک سوزوکی آکر ٹکرائی اور دھماکا ہوا جس کے بعد 4 مسلح افراد نے ایف سی ہیڈ کوارٹر میں گھسنے کی کوشش کی تاہم فورسز نے فوری رسپانس دیتے ہوئے دہشتگردوں کو ہلا ک کردیا اور کوئی دہشتگرد عمارت کے اندر داخل ہونے میں کامیاب نہیں ہوا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق حملہ آور ایف سی کی وردی میں ملبوس تھے جو سب مارے گئے ہیں جب کہ حملے میں 2 ایف سی جوان زخمی ہیں۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ بھارت کے ایجنڈے پر کام کرنے والے شرپسند عناصر کے ناپاک عزائم کو ناکام بناتے رہیں گے۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کوئٹہ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ کے بعد سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیا، فورسز نے تمام دہشتگردوں کو جہنم واصل کردیا۔
وزیراعلیٰ نے شہدا کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی اور درجات کی بلندی کی دعا کی۔