ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے صدر محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بھارتی ٹیم کو اگر ٹرافی چاہیے تو کپتان اے سی سی کے دفتر آ کر مجھ سے وصول کر لے۔
محسن نقوی کی زیرصدارت دبئی میں ایشین کرکٹ کونسل کا اجلاس ہوا، ذرائع کے مطابق بھارتی بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے محسن نقوی سے ٹرافی مانگ لی۔
صدر اے سی سی محسن نقوی نے کہا کہ یہ آئٹم اے سی سی میٹنگ کے ایجنڈے پر موجود نہیں،دیوجیت سائکیا ٹرافی لینے کیلئے مسلسل اصرارکرتے رہے۔
جس پر محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بھارتی ٹیم کو اگر ٹرافی چاہیے تو کپتان اے سی سی کے دفتر آ کر مجھ سے وصول کر لے۔اجلاس میں بھارتی ٹیم کو ٹرافی دینے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں ہو پایا۔
اجلاس کی اندرونی کہانی:
اے سی سی اجلاس کی اندرونی کہانی بھی سامنے آگئی،ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارت کو پھر سبکی کا سامنا کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں بھارتی بورڈ کے سیکریٹری دیوجیت سائکیا نے ٹرافی مانگ لی،انہوں نے کہا کہ ہم چیمپئن بنے ہیں، ہمیں ٹرافی ملنی چاہئے۔
محسن نقوی نے جواب دیا کہ ہم تو ٹرافی دینے کیلئے تیار تھے ، آپ کے کپتان لینے نہیں آئے، بھارتی کپتان نے اختتامی تقریب میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کی۔
یہ یہاں اجلاس کا ایجنڈا نہیں، اس پر بعد میں بات کرتے ہیں،بھارت کو ٹرافی چاہیے تو کپتان کو اے سی سی کے دفتر بھیجیں، وہاں آکر ٹرافی لے جائے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں بھارت کے روئیے کی مذمت کی گئی ،ٹاس پر اور میچ کے بعد بھی ہاتھ نہ ملانے کی مذمت کی گئی۔
ایشین کرکٹ کونسل کے صدر محسن نقوی سے ٹرافی نہ لینا بھی غلط قراردیا گیا، ذرائع کے مطابق ایشیا کپ کامیابی سے منعقد ہوا، ریکارڈ ویو ورشپ ہوئی ،اگلا ایشیا کپ بنگلہ دیش میں پچاس اوورز پر 2027 میں ہوگا۔