تازہ تر ین

وہ یورپی خطہ جو وہاں رہائش اختیار کرنے والے افراد کو لاکھوں روپے دے گا

اٹلی کے متعدد علاقوں میں چند سو یا ہزار روپوں میں گھروں کو فروخت کیا جارہا ہے۔

مگر اٹلی کا ایک خوبصورت خطہ ایسا بھی ہے جو وہاں منتقل ہونے پر آپ کو پیسے دینے کے لیے تیار ہے۔

جی ہاں واقعی وسطی اٹلی کے خطے تسکانی کے ایک قصبے میں منتقل ہونے والے افراد کو 23 ہزار ڈالرز (65 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) دیے جائیں گے۔

تسکانی کے خطے Siena کے قریب واقع اس قدیم قصبے Radicondoli میں کسی زمانے میں 3 ہزار افراد مقیم تھے، مگر اب وہاں کی آبادی محض 966 رہ گئی ہے۔

وہاں کے 450 میں سے 100 گھر خالی ہیں اور مقامی حکام کی جانب سے آبادی کی کمی کو دولت کی مدد سے بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

بنیادی طور پر اس پروگرام کو 2023 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اس وقت کہا گیا تھا کہ وہاں کسی خالی گھر خرید کر رہنے کے خواہشمند افراد کو 23 ہزار ڈالرز ادا کیے جائیں گے جبکہ ٹرانسپورٹ اور دیگر اخراجات کی مد میں مزید 6 ہزار یورو دیے جائیں گے۔

اب اس قصبے نے اسے توسیع دی ہے اور صرف گھر خریدنے میں مدد فراہم کرنے کے علاوہ اولین 2 برسوں کا 50 فیصد کرایہ ادا کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔

وہ یورپی خطہ جو وہاں رہائش اختیار کرنے والے افراد کو لاکھوں روپے دے گا

میئر Francesco Guarguaglini نے بتایا کہ اس پروگرام کو ابتدا میں 2 سال قبل متعارف کرایا گیا تھا اور اب اسے بہتر بنایا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم 2025 میں اس پروگرام کے لیے 4 لاکھ 65 ہزار ڈالرز مختص کر رہے ہیں تاکہ گھروں کی خریداری اور کرائے کی ادائیگی میں لوگوں کی معاونت کرسکیں جبکہ مختلف دیگر اقدامات جیسے طالبعلموں کی مالی معاونت، پبلک ٹرانسپورٹ اور ماحول دوست توانائی کے لیے بھی کام کیا جا رہا ہے۔

میئر نے بتایا کہ یہ پروگرام ایک یورو میں گھر فروخت کرنے کے پروگرامز سے زیادہ بہتر ہے۔

وہاں گھروں کی قیمت 50 ہزار یورو سے شروع ہوکر ایک لاکھ یورو تک جاتی ہے۔

بیشتر گھروں کی حالت اچھی ہے مگر کچھ کو تزئین نو کی ضرورت ہے۔

اس کے مقابلے میں ایک گھر کا کرایہ 400 یورو ماہانہ ہے مگر حکومتی سبسڈی کے باعث گھٹ کر محض 20 یورو رہ جائے گا۔

مگر وہاں منتقل ہونے کے خواہشمند افراد کو کم از کم 10 سال رہنا ہوگا (اگر گھر خریدا ہو) یا کرائے پر گھر لینے کی صورت میں 4 سال تک قیام کرنا ہوگا۔

واضح رہے کہ اٹلی کے مختلف خطوں میں آبادی کی کمی کے باعث اکثر اس کے پروگرام سامنے آتے رہتے ہیں۔

جون 2024 میں اٹلی کے خطے تسکانی کے دیہی علاقوں میں آکر بسنے والے افراد کو 30 ہزار یورو تک (لگ بھگ 90 لاکھ پاکستانی روپے) دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

اسی طرح 2024 میں سسلی کے قصبے Sambuca di Sicilia میں 3 یورو میں گھر فروخت کے لیے پیش کیے گئے تھے۔

نومبر 2022 میں اٹلی کے قصبے Presicce میں آکر بسنے والے افراد کو 30 ہزار یورو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔

2022 میں ہی اٹلی کے جزیرے سارڈینیا کی جانب سے وہاں مستقل رہائش اختیار کرنے پر فی کس 15 ہزار یورو دینے کا اعلان کیا گیا تھا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain