لاہور (خصوصی رپورٹ) میٹرو بس‘ میٹرو ٹرین اور سڑکوں کی خوبصورتی کے بعد اب لاہوریوں کیلئے ایک اور خوبصورت ٹرانسپورٹ کی تیاری شروع ہو گئی ہے۔ وزیراعلیٰ نے لاہور کے تین مقامات پر روپ ویز (کیبل کار) کی فزیبلٹی تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ امامیہ کالونی سے ریلوے سٹیشن‘ مقبرہ جہانگیر سے گریٹر اقبال پارک اور جلوموڑ سے ٹھوکر نیاز بیگ تک ”روپ ویز“ چلیں گی۔ پنجاب میں نئی ٹرانسپورٹ متعارف کرانے کے حوالے سے تجاویز کی تیاری کیلئے ماڈل ٹاﺅن میں وزیراعلیٰ شہبازشریف کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں شہبازشریف نے کہا کہ روپ ویز سسٹم تیار کرنے والی غیرملکی کمپنی نے پنجاب حکومت کے ساتھ کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا امامیہ کالونی سے ریلوے سٹیشن‘ مقبرہ جہانگیر سے گریٹر اقبال پارک‘ جلوموڑ سے ٹھوکر نیاز بیگ اور اسلام آباد سے مری تک بھی ٹرانسپورٹ چلانے کی فزیبلٹی جلد تیار کی جائے۔ اجلاس میں صوبائی وزراءچودھری شیر علی‘ مجتبیٰ شجاع الرحمن‘ سیکرٹریز ٹرانسپورٹ‘ ماحولیات‘ ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی‘ کمشنر لاہور ڈویژن عبداللہ سنبل اور متعلقہ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔