کارڈف(ویب ڈیسک) چیمپئنز ٹرافی کے نویں میچ میں بنگلادیش نے نیوزی لینڈ کو 5 وکٹ سے شکست دے دی۔ کارڈف میں کھیلے گئے چیمپئنز ٹرافی کے نویں میچ میں نیوزی لینڈ کی جانب سے دیے گئے 266 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلادیش کا ٹاپ آرڈر مکمل طور پر ناکام رہا لیکن شکیب الحسن اور محمد اللہ کی شاندار سنچریوں کی بدولت بنگلا دیش نے مطلوبہ ہدف 5 وکٹوں کے نقصان پر 2 اوور پہلے ہی حاصل کرلیا۔بنگلادیش کی جانب سے تمیم اقبال اورسومیا سرکار نے اننگز کا آغاز کیا لیکن ٹم ساوتھی نے بنگلا دیش کے ٹاپ آرڈر کو تہس نہس کرتے ہوئے اننگز کی دوسری ہی گیند پر تمیم اقبال کو کھاتہ کھولے بغیر پویلین واپس بھیج دیا جب کہ اپنے دوسرے اوور میں شبیر رحمان کو بھی 8 اور تیسرے اوور میں سومیا سرکار کو 3 رنز پر آؤٹ کردیا، مشفق الرحیم بھی صرف 14 رنز ہی بناسکے۔ شکیب الحسن اور محمد اللہ نے پانچویں وکٹ کیلیے ریکارڈ شراکت داری قائم کرتے ہوئے نہ صرف ٹیم کو مشکلات سے نکالا بلکہ فتح سے بھی ہمکنار کروایا۔شکیب الحسن اور محمد اللہ نے 224 رنز کی شراکت قائم کی اس دوران دونوں کھلاڑیوں نے اپنی شاندار سنچریاں بھی مکمل کیں، شکیب الحسن ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 114 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ محمد اللہ 2 چھکوں اور 8 چوکوں کے ساتھ 102 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹم ساوتھی نے 3 اور ایڈم ملن نے ایک وکٹ حاصل کی۔نیوزی لینڈ کی شکست کے بعد وہ ایونٹ سے باہر ہوگئی ہے جب کہ بنگلادیش کے سیمی فائنل میں پہنچنے کا فیصلہ آسٹریلیا اور انگلیںڈ کے میچ کے بعد ہوگا، اگر انگلینڈ آسٹریلیا کو شکست دے دیتا ہے تو بنگلا دیش سیمی فائنل میں پہنچ جائے گا مگر آسٹریلیا کی جیت کی صورت میں بنگلا دیش کو واپسی کا سفر کرنا پڑے گا۔