سینٹ لوشیا (اے پی پی) راشد خان کی تباہ کن باﺅلنگ کی بدولت افغانستان نے ویسٹ انڈیز کو پہلے ون ڈے انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں 63 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل کر لی، کالی آندھی کی ٹیم 212 رنز کے آسان ہدف کے تعاقب میں 44.4 اوورز میں 149 رنز پر ڈھیر ہو گئی، راشد خان کی جادوئی سپن باﺅلنگ کے سامنے کالی آندھی کی بیٹگ لائن اپ ریت کی دیوار ثابت ہوئی، کوئی بھی کھلاڑی بڑی اننگز نہ کھیل سکا، 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، راشد نے 18 رنز کے عوض 7 کھلاڑیوں کو نشانہ عبرت بنا کر کالی آندھی کی جیت کی امیدوں پر پانی پھیر دیا، راشد میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ سینٹ لوشیا میں کھیلے گئے سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں افغانستانی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 212 رنز بنائے، جاوید احمدی 81 رنز بنا کر ٹاپ سکورر رہے، نور علی 5، رحمت شاہ 17، کپتان اصغر سٹانک زئی 2، سمیع اللہ 22، افسر زیزئی 13 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، گلبدین نائب 41 اور محمد نبی 27 رنز بنا کر ناٹ آﺅٹ رہے، ایشلے نرس نے 2 جبکہ شینن گبرائل، جیسن ہولڈر، میگل کمنز اور الزاری جوزف نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ جواب میں کالی آندھی کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور 45 ویں اوور میں 149 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی، کالی آندھی کا کوئی بھی کھلاڑی راشد خان کی گھومتی ہوئی گیندوں کے سامنے جم کر وکٹ پر نہ ٹھہر سکا، 5 کھلاڑی دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر سکے، شے ہوپ 35، ایون لیوس 21، کیرن پاویل، جیسن محمد 7، روسٹن چیس صفر، جوناتھن کارٹر 19، کپتان جیسن ہولڈر صفر، ایشلے نرس 12، الزاری جوزف 27 اور میگل کمنز 5 رنز بنا کر آﺅٹ ہوئے، راشد خان نے ریکارڈ ساز باﺅلنگ کرتے ہوئے 8.4 اوورز میں 18 رنز دے کر 7 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی، دولت زدران نے 2 اور گلبدین نائب نے ایک وکٹ حاصل کی۔