لندن (اے پی پی) ایف آئی ایچ مینز ورلڈ ہاکی لیگ سیمی فائنلز کا آغاز (آج) جمعرات سے ہو گا جس میں 10 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے ایکشن میں دکھائی دیں گی، پاکستانی ٹیم ہالینڈ کے خلاف مہم کا آغاز کرے گی اور 18 جون کو پاکستان کو روایتی حریف بھارت کا چیلنج درپیش ہو گا۔ 25 جون تک جاری رہنے والے ایونٹ میں شرکت کرنے والی دس ٹیموں کو دو گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے، گروپ اے میں ارجنٹائن، چین، انگلینڈ، کوریا اور ملائیشیا جبکہ گروپ بی میں پاکستان، بھارت، کینیڈا، ہالینڈ اور سکاٹ لینڈ شامل ہیں، ابتدائی روز چار میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان کو ہالینڈ کا چیلنج درپیش ہو گا، کوریا کا مقابلہ ارجنٹائن، بھارت کا مقابلہ سکاٹ لینڈ اور انگلینڈ کا مقابلہ چین سے ہو گا، 16 جون کو دو میچز کھیلے جائیں گے، پاکستان کا مقابلہ کینیڈا اور ارجنٹائن کا مقابلہ ملائیشیا سے ہو گا، 17 جون کو شیڈول میچز میں چین کا مقابلہ کوریا، کینیڈا کا مقابلہ بھارت، انگلینڈ کا مقابلہ ملائیشیا اور ہالینڈ کا مقابلہ سکاٹ لینڈ سے ہو گا۔، 18 جون کو پاکستان کا مقابلہ روایتی حریف بھارت اور انگلینڈ کا مقابلہ ارجنٹائن سے ہو گا، 19 جون کو پاکستانی ٹیم اپنا چوتھا اور آخری گروپ میچ سکاٹ لینڈ کے خلاف کھیلے گی، دیگر میچز میں ہالینڈ کا مقابلہ کینیڈا، کوریا کا ملائیشیا اور ارجنٹائن کا چین سے ہو گا، 20 جون کو آخری لیگ میچز کھیلے جائیں گے جن میں سکاٹ لینڈ کا مقابلہ کینیڈا، بھارت کا ہالینڈ، چین کا ملائیشیا اور انگلینڈ کا کوریا سے ہو گا، ایونٹ کے کوارٹر فائنلز 22 جون سیمی فائنلز 24 جون جبکہ فائنل 25 جون کو کھیلا جائے گا۔