دبئی (آئی این پی)انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی)چیمپئنز ٹرافی2017کی فاتح اور شکست خوردہ ٹیم کو کتنی انعامی رقم ملے گی اس کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ایونٹ میں شریک تمام آٹھوں ٹیموں میں مجموعی طور پر 45 لاکھ ڈالر تقسیم کیے جائیں گے جو کہ پاکستانی روپوں میں 47کروڑ روپے سے زائد بنتے ہیں۔ چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں شاہین پہلے ہی جگہ بناچکے ہیں اور اگر گرین شرٹس نے فتح کا تاج اپنے سرسجالیا تو ان پر ڈالروں کی برسات ہوگی اور 22 لاکھ ڈالر کی خطیر رقم قومی ٹیم کے کھاتے میں جائےگی۔جب کہ فائنل میچ میں شکست کھانے والی ٹیم کو 11 لاکھ ڈالر دیئے جائیں گے جو مجموعی انعامی رقم کا نصف ہے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ انعامی رقم صرف ایونٹ کی ونر اور رنر اپ ٹیموں کو ہی نہیں ملے گی بلکہ سیمی فائنل کھیلنے والی ٹیموں کے علاوہ ایونٹ میں آخری نمبر پر آنے والی ٹیموں کو بھی انعامی رقم سے نوازا جائے گا۔آئی سی سی کی جانب سے سیمی فائنلز تک پہنچنے والی انگلینڈ اور بنگلا دیش کی ٹیموں کو 4 لاکھ 50 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی جائے گی۔گروپ اسٹیجز میں تیسری پوزیشن پر آنے والی آسٹریلیا اور جنوبی افریقا 90 ، 90 ہزار ڈالر کے حقدار ٹھہریں گے۔اس کے علاوہ چیمپئنز ٹرافی کے دونوں گروپوں میں سب سے آخری نمبر پر آنے والی نیوزی لینڈ اور سری لنکا کی ٹیموں کو بھی خوش کیا جائے گا اور دونوں ٹیموں کو 60، 60 ہزار ڈالر دیئے جائیں گے۔