ممبئی (مانیٹرنگ ڈیسک) سابق بھارتی کپتان سورو گنگولی اور باﺅلر ہربجن سنگھ نے پاکستانی سابق کپتان عامر سہیل کے بیان کو انتہائی افسوسناک قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے اور کہاہے کہ انہیں اس طرح کا بیان ہرگز نہیں دینا چاہیے تھا۔ بھارتی ٹی وی چینل انڈیا ٹوڈے کو انٹرویو دیتے ہوئے سورو گنگولی کا کہنا تھا کہ جو کھلاڑی اپنے ملک کیلئے کھیل رہا ہے اور خاص طور پر کپتان تو ایسے میں ان کے بارے میں اس طرح کا بیان انتہائی افسوسناک ہے، جس طرح پاکستانی ٹیم فائنل میں پہنچی ہے اور اس کے بعد تو ایسا ہرگز نہیں ہونا چاہیے تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ کس طرح کی روایت قائم ہو رہی ہے، پاکستان انگلینڈ، جنوبی افریقہ اور سری لنکا کو شکست دے کر فائنل میں پہنچا ہے جو کہ تمام بڑی ٹیمیں ہیں۔ دوسری جانب ہر بجن سنگھ کا کہنا تھا کہ عامر سہیل کا بیان انتہائی افسوسناک ہے۔ اگر کوئی کھلاڑی اتنی دیر سے کرکٹ کھیل رہاہے اور اپنی ٹیم کا کپتان ہے تو وہ یقیناً پاکستان میں عزت دار کھلاڑی ہے اور اس کے بارے میں اس طرح کا بیان ہر گز جاری نہیں کرنا چاہیے تھا۔ ہربجن سنگھ کا کہناتھا کہ عامر سہیل کو پاکستانی ٹیم کو فائنل میں پہنچنے پر انہیں مبارک باد دینی چاہیے تھی اور کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کرنی چاہیے تھی لیکن اس طرح کا الزام ہرگز نہیں لگانا چاہیے تھا۔ ہربجن سنگھ کا کہناتھا کہ ان کے پاس اپنی بات کو ثابت کرنے کیلئے کوئی ثبوت نہیں ہے اور انہوں نے صرف ایک بے بنیا د بیان جاری کیاہے۔ ان کا کہناتھا کہ مجھے بھی ایسا نہیں لگتا تھا کہ پاکستانی ٹیم فائنل تک پہنچے گی لیکن پاکستانی کھلاڑیوں نے فائنل میں پہنچنے کیلئے بہت محنت کی ہے۔ بھارتی سابق کرکٹر روی شاستری نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت دونوں ٹیمیں بڑااچھا کھیل رہی ہیں، سوچا نہ تھا کہ لندن میں ایشیا کپ فائنل ہوگا۔ پاکستان کی فیلڈنگ پہلے سے بہت بہتر ہوئی ہے۔ حسن علی کی کارکردگی متاثر کن رہی ہے۔ پاکستان اور بھارت میں فائنل زبردست ہوگا۔ فائنل میں 280 بڑا سکور ہوگا۔