نیویارک(نیٹ نیوز) گنج پن تو ہر مرد کے لیے بھیانک خواب کی حیثیت رکھتا ہے مگر لگتا ہے کہ اب یہ ماضی کا قصہ بننے والا ہے ، امریکی طبی ماہرین نے گنج پن کا علاج ڈھونڈ نکالنے کا دعوی کیا ہے ۔ایک خاص عمر میں ہر مرد کو ہی شیشہ دیکھتے ہوئے اپنے بالوں کی تعداد میں کمی پریشان کردیتی ہے اور دنیا بھر میں لگ بھگ 50 فیصد مردوں کو اس مسئلے کا سامنا ہوتا ہے تاہم اب فلوریڈا کے ماہرین نے انسانی سٹیم سیلز کی مدد سے نئے بال اگانے کا کامیاب تجربہ کیا۔اس سے پہلے بھی اس طرح کی کئی کوششیں کی گئی تھیں جو زیادہ کامیاب نہیں ہوسکیں۔ سٹیم سیلز کے استعمال سے طبی ٹیم نے چوہوں پر اس کے مثبت نتائج حاصل کیے ہیں. محقق الیکسی ترشکیک کے مطابق امید ہے کہ یہ طریقہ کار گنج پن پر قابو پانے میں زیادہ موثر ثابت ہوگا۔ان کا کہنا تھا کہ ہر انسان سے لامحدود مقدار میں سٹیم سیلز حاصل کیے جاسکتے ہیں اور ان کو بال اگانے کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے ۔