بھائی پھیرو (نمائندہ خبریں)بھائی پھیرو۔سی سی ڈی قصور کا مبینہ پولیس مقابلے کا مقدمہ رات دیر گئے درج ، دو ڈاکو ہلاک، دو فرار۔لاہور، قصور، پتوکی اور اوکاڑہ میں ڈکیتی کی وارداتوں میں مطلوب ملزمان کی ہلاکت کا دعویٰ، 50 سنگین مقدمات میں پولیس کو تلاش تھی۔تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز نواحی گاوں اولکھ موڑ میں سی سی ڈی پولیس اور ڈاکووں کے درمیان ہونے والے پولیس مقابلہ کا مقدمہ رات دیر گئے درج ۔تھانہ سی سی ڈی میں درج ایف آئی آر کے مطابق سی سی ڈی پولیس کے ریاست علی سب انسپکٹر اپنی ٹیم کے ہمراہ اولکھ موڑ پر مشکوک افراد کی چیکنک کر رہے تھے کہ اسی اثنا دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار افراد آئے ۔روکنے پر ان چاروں افراد نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی ۔پولیس والوں نے زمین پر لیٹ کر اور چھپ کر جانیں بچائیں ۔پولیس کے مطابق دو موٹر سائیکلوں پر سوار چار مشتبہ ڈاکوؤں کو روکنے کی کوشش کی گئی تو ملزمان نے پولیس پارٹی پر سیدھی فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران دو ملزمان اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے، جبکہ دو ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزمان کی شناخت وقار ولد طفیل اور محمد فاروق ولد سردار، سکنہ جمبر خورد، تحصیل پتوکی، ضلع قصور کے نام سے بتائی ہے۔سی سی ڈی پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان لاہور، قصور، پتوکی اور اوکاڑہ سمیت مختلف علاقوں میں ڈکیتی اور راہزنی وارداتوں میں مطلوب تھے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ دونوں ملزمان ڈکیتی، راہزنی اور رابری معہ ضرر سمیت تقریباً 50 سنگین مقدمات میں مطلوب تھے اور علاقے میں خوف و ہراس کی علامت سمجھے جاتے تھے۔سی سی ڈی قصور کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی تلاش جاری ہے اور انہیں گرفتار کرنے کے لیے کارروائیاں کی جا رہی ہیں۔سی سی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی اور شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔
