لاہور (این این آئی) پاکستان میں جاپان کے سفیر آکامَتسو شوئیچی نے پنجاب یونیورسٹی کا دورہ
کرتے ہوئے مستقبل میں مختلف شعبوں میں مشترکہ تعاون کے امکانات میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یونیورسٹی کی جانب سے مختلف شعبوں میں تعاون سے متعلق تجاویز موصول ہونے کے منتظر رہیں گے۔ جاپانی سفیر کے ہمراہ ان کی اہلیہ مسز آکامَتسو اور سفارتخانہ جاپان کے شعبہ ثقافت و اطلاعات کی سربراہ تاکاکو ساتو بھی موجود تھیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے پرو وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمود سلیم، ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر یامینہ سلمان، ڈائریکٹرسٹوڈنٹس افیئرز پروفیسر ڈاکٹر شاہزیب خان ، ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر عقیل انعام و دیگر اساتذہ نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر آفس کے کمیٹی روم میں منعقدہ ملاقات میں جاپان میں علمی اور پیشہ ورانہ تجربہ رکھنے والے سابق ڈی جی سکول آف بائیو لوجیکل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر نعیم رشید، ڈاکٹر مہوش اسلم اور فیکلٹی آف ایگریکلچرل سائنسز کے شعبہ پلانٹ بریڈنگ اینڈ جینیٹکس کے پروفیسر ڈاکٹر محمد ارشد جاوید بھی شریک ہوئے۔ شرکاء نے مستقبل میں باہمی تعاون کے فروغ میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈاکٹر نعیم رشید اور ڈاکٹر محمد ارشد جاوید نے مہمانوں سے جاپانی زبان میں گفتگو بھی کی۔
