اسلام آباد (خصوصی رپورٹ)سابق وزیر قانون ڈاکٹر بابر اعوان کی پیپلزپارٹی سے 21سالہ رفاقت کا باب تمام ہوا آج تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے ، سینیٹ کی نشست سے بھی استعفی دیں گے ۔ بابر اعوان کی پیپلزپارٹی سے رفاقت تب شروع ہوئی جب بینظیر بھٹو اور آصف زرداری کے مقدمات لڑنے کےلئے کوئی وکیل تیارنہیں تھا ۔ اس وقت ناہید خان اور آصف علی زرداری کے اصرار پر بابر اعوان میدان میں آئے انہوں نے اٹک قلعہ ، لاہور اور کراچی کی مختلف عدالتوں میں پیپلزپارٹی کی جوڑی کا کامیابی سے دفاع کیا۔ جسٹس نواز عباسی اور جسٹس امجد شیخ کی عدالت سے ایس جی ایس کو ٹیکنا کیس میں آصف زرداری کی پہلی ضمانت منظور کرالی ، جسٹس قیوم ملک اور جسٹس نجم الحسن کاظمی کے بنچ میں بینظیر کے وکیل کی حیثیت سے گواہوں پر جرح کی ، اس دوران بینظیر خود ساختہ جلاوطنی میں چلی گئیں اور بابر اعوان کو دہشتگردی کے الزام میں اڈیالہ جیل میں ڈال دیا گیا۔ عمران خان سے 1992سے تعلق ہے اور 2014سے دونوں کا سیاسی موقف ایک رہا ہے ۔ قریبی دوستوں کے مطابق وہ دو سال سے مشاورت کرتے رہے۔ وہ پی پی پی سے دل شکستہ تھے۔ آصف زرداری نے طویل دن آن ون نشستیں کیں مگر وہ پیپلزپارٹی کی حکومت سے مفاہمت کی پالیسی پر چلنے کیلئے آمادہ نہ ہوسکے۔ آج عمران خان اعوان ہاﺅس جائیں گے۔ ان کے بیٹوں عبداللہ بابراعوان اور عبدالرحمان اعوان نے بتایا کہ پی ٹی آئی میں شمولیت سے پہلے ان کے والد سینٹ کی نشست چھوڑنے کا اعلان کردیں گے۔ بابر اعوان کا دوسرا استعفیٰ ہوگا۔ اس سے پہلے انہوں نے وزارت قانون سے بھٹو ریفرنس کی سپریم کورٹ میں پیروی کے لئے بطور وزیر استعفیٰ دے دیا تھا۔