راولپنڈی(خصوصی رپورٹر)پاکستان تحریک انصاف کسان ونگ کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات خالد نواز سدھرآئچ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں نورین نیازی ، عظمی خان اور جنرل سیکریٹری پی ٹی آئی کسان ونگ ویسٹ پنجاب ممتاز دولتانہ کو ان کی رہائی پر مبارکباد دی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ World Kindness Day کے موقع پر علیمہ خان سمیت دیگر تمام بے گناہ سیاسی قیدیوں کو بھی فی الفور رہا کیا جائے .جمعہ کے روز عالمی یومِ رحمدلی (World Kindness Day) کے موقع پر جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں خالد نواز سدھرائچ نے کہا کہ آج پوری دنیا میں رحمدلی اور حسنِ سلوک کا دن منایا جا رہا ہے. حکومت کو چاہیے کہ اس دن کی مناسبت سے بے گناہ سیاسی قیدیوں اور مہنگائی میں پسے جا رہے پاکستان کے 24 کروڑ غیور عوام پر رحمدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بجلی کا ٹیرف کم کرے جو عوام کی غالب اکثریت سے ان کی کمائی کا بڑا کھا جاتا ہے . انہوں نے کہا کہ بے گناہ شہریوں کو پابندِ سلاسل رکھنا بنیادی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے لہذا تمام سیاسی اسیران کو ان کے آئینی اور شہری آزادی کے حقوق واپس دیے جائیں. انصاف کی فراہمی اور کرپشن کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے تمام مسائل کی جڑ کرپشن ہے جس کے خاتمے کے لیے سب سے پہلے سیاسی کرپشن کو ختم کرنے سے آغاز کیا جائے. انہوں نے کہا کہ جب ایوانوں اور سیاست سے بدعنوانی اور مفاد پرستی کا خاتمہ ہوگا تو اسی کے نتیجے میں معاشی اور اخلاقی کرپشن پر بھی مثر طریقے سے قابو پایا جا سکے گا جس سے ادارے مضبوط ہوں گے اور معاشرے میں انصاف کا بول بالا ہوگا. ملکی معاشی صورتحال اور مہنگائی پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے خالد نواز سدھرائچ کا کہنا تھا کہ ملک کے 24 کروڑ عوام آج دو وقت کی روٹی سے محروم ہو چکے ہیں اور کمر توڑ مہنگائی نے غریب آدمی کی قوتِ خرید بالکل ختم کر دی ہے. انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بجلی کے بھاری بھرکم بلوں میں فوری کمی کی جائے تاکہ عام آدمی سکھ کا سانس لے سکے. انہوں نے کسان دوست زرعی پالیسی کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ بڑھتے ہوئے زرعی مداخل کو سامنے رکھتے ہوئے کسانوں کیلئے فصلوں کی منصفانہ سپورٹ پرائس کا اعلان کیا جائے .
