لاہور‘ پشاور (مانیٹرنگ ڈیسک‘ خصوصی رپورٹ) ملک میں دو عیدیں منانے کی روایت جاری۔ مفتی پوپلزئی کا دبئی جانا بھی کام نہ آسکا جبکہ رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج پشاور کے بجائے اسلام آباد میں ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق مسجد قاسم علی خان میں چاند دیکھنے کیلئے غیرسرکاری اجلاس ہوا جس میں مختلف علاقوں میں 46شہادتیں موصول ہونے کا دعویٰ کیا گیا جس کے بعد مفتی پوپلزئی کے پیروکاروں نے آج مقامی طور پر عیدالفطر منانے کا اعلان کردیا۔ قبل ازیں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس آج شام پشاور میں رکھا گیا لیکن مسجد قاسم خان سے عید کے اعلان کے بعد سکیورٹی صورتحال کو وجہ بناتے ہوئے اجلاس پشاور کے بجائے آج اسلام آباد میں ہوگا جس کی صدارت مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کریں گے۔ وزارت مذہبی امور کے مطابق ملک بھر میں ضلعی اور زونل کمپنیوں کا اجلاس اپنے اپنے متعلقہ مقامات پر ہوں گے۔ علاوہ ازیں چاند کی رویت کے حوالے سے شہادتیں جمع کرنے کیلئے کنٹرول روم بھی قائم کردیا گیا۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ عیدالفطر کا چاند آج نظر آنے کے امکانات بہت زیادہ ہیں۔ دریں اثنا مسجد قاسم علی خان میں مقامی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی شہاب الدین پوپلزئی جو گزشتہ دو روز سے لاپتہ تھے کا معمہ حل ہوگیا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ مفتی شہاب الدین اچانک دبئی چلے گئے وہ 22 جون کو اسلام آباد سے روانہ ہوئے اور ان کی واپسی 2 اگست کو ہوگی۔ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کے جماعت کے ارکان ان کی روانگی سے بے خبر رہے۔ سعودی عرب‘ مصر‘ کویت‘ قطر‘ اردن‘ فلسطین‘ انڈونیشا‘ ملائیشیا‘ سنگاپور‘ جاپان‘ جرمنی‘ فرانس‘ امریکہ سمیت پورے یورپ‘ خلیجی اور عرب ممالک میں آج نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے۔ عیدالفطر کا سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام میں منعقد ہوا ۔ 20 لاکھ افراد نے نماز عید ادا کی۔