واشنگٹن، تہران ( نیوز ایجنسیاں) امریکی میڈیا نے امریکی انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کیلئے ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار کے ممکنہ استعمال کی منصوبہ بندی کی ہے، تاہم تہران نے اس کی تردید کی ہے۔ ادھر نائب امریکی صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران جنگ کو طول نہیں دیں گے۔ ادھر ایرانی فوج نے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں کو جائز ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غلط اندازے یا غلط فہمی کی صورت میں ایسا شدید جواب دیا جائے گا۔ پاسداران انقلا ب نے بحرین میں شیخ عیسیٰ ایئر بیس پر امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنانے اور ایک ڈرون پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ امریکی میڈیا نے امریکی انٹیلی جنس حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے واشنگٹن میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کیلئے ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار کے ممکنہ استعمال کی منصوبہ بندی کی ہے تاہم امریکی حکام کے درمیان اس بات پر اختلاف پایا جاتا ہے کہ آیا ایران ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے یا واقعی اس کا ارادہ رکھتا ہے۔ سی این این سمیت امریکی میڈیا اداروں نے کم از کم سات امریکی حکام کے حوالے سے بتایا کہ ایران کی مبینہ منصوبہ بندی فی الحال ممکنہ کارروائیوں کے راستے کھلے رکھنے کی کوشش ہے، اسے فوری حملے کی تیاری کا ثبوت قرار نہیں دیا گیا۔رپورٹ کے مطابق امریکی اداروں نے ایسی ایرانی مواصلاتی گفتگو بھی پکڑی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا کہ دھماکا خیز مواد کی تیاری میں استعمال ہونے والی ممکنہ اشیا امریکا کے اندر خفیہ طور پر چھپائی گئی ہیں۔تاہم امریکی حکام ان اطلاعات کی صداقت کے بارے میں یکساں رائے نہیں رکھتے۔ بعض ذرائع کے مطابق یہ بھی واضح نہیں کہ ایران کے پاس امریکا میں اس نوعیت کی کارروائی کرنے کے لئے مطلوبہ افراد اور نیٹ ورک موجود ہیں یا نہیں۔وائٹ ہائوس کی ترجمان لارین بِس نے سی این این کو بتایا کہ انتظامیہ ہر ممکن خطرے پر نظر رکھے ہوئے ہے، تاہم اس وقت امریکا کو درپیش کسی قابلِ اعتبار اندرونی خطرے کی نشاندہی نہیں ہوئی۔رپورٹ کے مطابق امریکی حکام ان اطلاعات کو واشنگٹن کے حملوں اور اقتصادی ناکہ بندی کے دبا کے تناظر میں ایران کی جانب سے کشیدگی بڑھانے کی ممکنہ علامت سمجھ رہے ہیں۔دوسری جانب اقوام متحدہ میں ایران کے مشن کے ترجمان نے امریکی الزامات کو جھوٹا اور من گھڑت قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران ہر قسم کے حالات میں کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کو مکمل طور پر ناجائز سمجھتا ہے۔تاہم ایرانی بیان میں مبینہ ڈرٹی بم منصوبہ بندی سے متعلق انٹیلی جنس اطلاعات کا براہِ راست جواب نہیں دیا گیا۔دریں اثناء امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف جنگ کو طویل تنازع نہیں بننے دیا جائے گا اور امریکا ایران میں 10یا 15سال تک فوجی کارروائیوں میں مصروف رہنے کا ارادہ نہیں رکھتا۔امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام امریکا کے لئے خطرہ ہے تاہم امریکی انتظامیہ اس معاملے کو ایسی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دے گی جو برسوں تک جاری رہے۔ادھر ایرانی فوج نے خطے میں موجودامریکی فوجی اڈوں کو جائز ہدف قرار دیتے ہوئے کہا کہ کسی بھی غلط اندازے یا غلط فہمی کی صورت میں ایسا شدید جواب دیا جائے گا جس کے اثرات جغرافیائی حدود سے آگے تک پھیل سکتے ہیں۔ایرانی میڈیارپورٹس کے مطابق فوجی ترجمان بریگیڈیئر جنرل محمد اکرامینیا نے آبنائے ہرمز سے متعلق بات کرتے ہوئے واضح کیا کہ آبنائے ہرمز اس وقت تک نہیں کھولی جائے گی جب تک امریکا ایران کی سات شرائط تسلیم نہیں کرتا۔قبل ازیں ایرانی پاسداران انقلاب نے بحرین کی شیخ عیسیٰ ائیربیس پر امریکی ریڈار سسٹم کو نشانہ بنایا ہے اور دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فورسز نے ایک امریکی ڈرون کے کنٹرول سسٹم کو ہیک کر کے اسے بحفاظت زمین پر اتار لیا اور اپنے قبضے میں لے لیا ہے۔امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام ) نے تاحال پاسدارانِ انقلاب کے اس دعوے پر کوئی ردِعمل نہیں دیا ہے۔علاوہ ازیںایران کی پارلیمان کے سپیکر محمد باقر قالیباف نے ایرانی ڈیموں پر ممکنہ حملوں کے تناظر میں خبردار کیا ہے کہ اگر ایران کے آبی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنایا گیا تو تہران بھی جوابی کارروائی کرے گا۔باقر قالیباف نے امریکی اخبار نیویارک ٹائمز کی ایک رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں ایرانی میزائل تنصیبات کے قریب واقع ڈیموں کو فوجی اور شہری دونوں مقاصد کے لیے استعمال ہونے والی تنصیبات قرار دیا گیا ہے۔ ان کے مطابق ایسی رپورٹ شہری بنیادی ڈھانچے پر حملوں کے اگلے مرحلے کی راہ ہموار کرتی ہے۔دریں اثناء ایران کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے امریکا پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن قومی سلامتی اور اخلاقیات کے نام پر ایران کے خلاف جنگ کا جواز پیش کرکے عالمی قوانین کو کمزور کرنے کا خطرہ مول لے رہا ہے۔دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے آسیان سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیے منیلا روانہ ہونے سے قبل صحافیوں سے گفتگو میں یہ بتانے سے گریز کیا کہ آیا وہ چینی صدر شی جن پنگ سے ملاقات کے دوران چین کو ایران سے تیل کی خریداری بند کرنے کیلئے کہیں گے یا نہیں۔عالمی میڈیا کے مطاقب ٹرمپ سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ملاقات میں ایران سے تیل کی خریداری کا معاملہ اٹھائیں گے؟اس پر ٹرمپ نے جواب دیا کہ میں ان سے وہی سوال کروں گا جو میں کرنا چاہتا ہوں۔ آپ کو یہ جاننے کی ضرورت نہیں۔
ڈرٹی بم
