اسلام آباد (اے پی پی)صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور پرتگال کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، افرادی قوت کی نقل و حرکت، قابل تجدید توانائی، تعلیم، ٹیکنالوجی اور پارلیمانی تبادلوں سمیت مختلف شعبوں میں وسیع تر تعاون کے ذریعے دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔انہوں نے یہ بات پرتگال کے وزیر خارجہ پائولو رانجل سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے پیر کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ایوان صدر کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے یکم جنوری 2027 سے شروع ہونے والی مدت کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کے طور پر پرتگال کے انتخاب پر مبارکباد دیتے ہوئے اس کی کامیاب مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان یورپی یونین میں پرتگال کو ایک اہم شراکت دار کی حیثیت سے اہمیت دیتا ہے اور مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔صدر مملکت نے روایتی شعبے خصوصا ٹیکسٹائل سے آگے بڑھ کر دوطرفہ تجارت کو متنوع بنانے اور زراعت، پراسیسڈ فوڈز، دواسازی، انجینئرنگ، کھیلوں کے سامان اور آئی ٹی خدمات کے شعبوں میں تجارتی مواقع تلاش کرنے کی اہمیت اجاگر کی۔انہوں نے تجارتی رکاوٹوں کو دور کرنے، مواقع کی نشاندہی اور کاروباری تعاون میں سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستان۔پرتگال مشترکہ ورکنگ گروپ برائے تجارت و سرمایہ کاری کے قیام کی تجویز بھی پیش کی۔صدر مملکت نے جامعات کے درمیان شراکت داری، اساتذہ اور طلبہ کے تبادلوں اور ٹیکنالوجی اداروں اور انکیوبیٹرز کے درمیان تعاون سمیت تعلیم، تحقیق، ٹیکنالوجی اور کھیلوں کے شعبوں میں وسیع تر اشتراک کار کے امکانات پر بھی زور دیا۔انہوں نے ایف سی پورٹو اور سیالکوٹ فٹ بال اکیڈمی کے درمیان شراکت داری کا خیرمقدم کرتے ہوئے کوچنگ، نوجوانوں کے ٹورنامنٹس اور تربیتی پروگراموں کے حوالے سے مزید تبادلوں کی حوصلہ افزائی کی۔صدر آصف علی زرداری نے زرعی تعاون سے متعلق مجوزہ مفاہمتی یادداشت کو جلد حتمی شکل دینے اور دوطرفہ تکنیکی ورکنگ گروپ کے قیام کی امید ظاہر کی۔ انہوں نے پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کی حیثیت کے حوالے سے پرتگال کی حمایت کو بھی سراہا اور پرتگال میں مقیم پاکستانی برادری کی فلاح و بہبود، معاشرے میں انضمام، قونصلر رسائی اور حقوق کے تحفظ کے لیے مسلسل تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔پرتگال کے وزیر خارجہ پائولو رانجل نے پاکستان اور پرتگال کے تعلقات کو بہترین اور ہم آہنگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ باہمی خیرسگالی کو مضبوط اقتصادی اور ثقافتی تعاون میں تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پرتگال میں مقیم 60 ہزار سے زائد پاکستانی وہاں کے معاشرے میں اچھی طرح ضم ہو چکے ہیں اور دونوں ممالک کے درمیان مزید تبادلوں کے وسیع امکانات موجود ہیں۔انہوں نے بتایا کہ پرتگال میں 600 سے زائد پاکستانی طلبہ زیر تعلیم ہیں جن میں سے درجنوں پرتگالی وظائف سے مستفید ہو رہے ہیں۔ انہوں نے صدر مملکت کو آگاہ کیا کہ پرتگال کے وزیر زراعت جلد پاکستان کا دورہ کریں گے تاکہ زراعت کے شعبے میں تعاون کے مواقع کا جائزہ لیا جا سکے۔پرتگالی وفد میں پاکستان میں پرتگال کے سفیر پالو ڈومنگیوز، ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل برائے خارجہ پالیسی آنا کوئلہو، وزیر کے سفارتی مشیر فلیپ رامالو اورٹیگا اور کیٹانو زیویئر شامل تھے۔ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور سیکرٹری خارجہ نے بھی شرکت کی۔
