اسلام آباد (این این آئی)پاکستان تحریکِ انصاف کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے آئینی
ترمیم ضروری ہے، ریفرنڈم آئینی ترمیم کا متبادل نہیں ہو سکتا۔پارلیمنٹ کے باہر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام کے لیے قومی اسمبلی اور سینیٹ میں دو تہائی اکثریت درکار ہے، صوبوں کی حدود میں تبدیلی کے لیے بھی آئینی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔انہوںنے کہاکہ نئے صوبوں کا معاملہ انتہائی حساس ہے، اس لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا اور اتفاق رائے پیدا کرنا ضروری ہے، حکومت کی مجوزہ آئینی ترمیم کا مسودہ سامنے آنے کے بعد تحریک انصاف اپنا مقف دے گی۔انہوں نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم پر سیاسی اور قانونی کمیٹیاں مشاورت کریں گی، اتحادی جماعتوں اور اپوزیشن اتحاد سے بھی بات چیت کی جائے گی، بانی پی ٹی آئی کی ہدایات کی روشنی میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ذاتی سیاسی مفادات کے لیے عدلیہ کو کمزور نہیں کرنا چاہیے، محسن نقوی سے نئے صوبوں کے معاملے پر تحریک انصاف کی کوئی بات نہیں ہوئی اور نہ ہی میں سیاسی رہنماں سے محسن نقوی کی ملاقاتوں کے مقاصد سے آگاہ ہوں۔پاکستان تحریک انصاف کے بانی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پوری جماعت کو بانی اور بشریٰ بی بی کی صحت سے متعلق تشویش ہے۔
برسٹر گوہر
نئے صوبوں کا قیام آئینی ترمیم کے بغیر ممکن نہیں:بیرسٹر گوہر

