واشنگٹن(این این آئی)امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہوں نے روسی صدر ولادیمیر پیوٹن سے یورپ بھر میں فوجی جارحیت روکنے کا مطالبہ کیا ہے اور انہیں امید ہے کہ یوکرین کے ساتھ جاری جنگ جلد اپنے انجام کو پہنچے گی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق فلوریڈا میں اپنی رہائش گاہ مارا لاگو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بتایا کہ انہوں نے روس کو واضح پیغام دیا ہے کہ یورپ میں عسکری کشیدگی اور جارحیت کا سلسلہ بند ہونا چاہیے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ جنگ کے خاتمے کے لیے کسی معاہدے تک پہنچنے کی راہ میں ایک بڑا مسئلہ یہ ہے کہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور یوکرینی صدر وولودیمیر زیلنسکی ایک دوسرے سے شدید مخالفت اور نفرت رکھتے ہیں جس کے باعث براہِ راست تفہیم مشکل ہو رہی ہے۔ امریکی صدر نے مزید کہا کہ سفارتی رابطوں اور مذاکرات کے ذریعے فریقین کو قریب لانے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ خطے میں استحکام بحال ہو سکے اور مزید جانی و مالی نقصان کو روکا جا سکے۔
