لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے نائب صدر وینسی ژانگ (Mr. Wencai Zhang) کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی،ملاقات کے دوران پنجاب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے جاری مختلف منصوبوں پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور توانائی،سکل ڈویلپمنٹ،اربن ٹرانسپورٹ، انفراسٹرکچر، سمال ہائیڈل ڈیمز، آبپاشی،زراعت،تعلیم اور دیگر شعبوں میں مزید تعاون بڑھانے پر اتفاق کےا گےا۔ وزےراعلیٰ شہبازشرےف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک پنجاب حکومت کا ایک اہم پارٹنر ہے -پنجاب میں ایشیائی ترقیاتی بینک کے تعاون سے کئی شعبوں کی بہتری کے لئے کام جاری ہے -انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب نے جنوبی پنجاب کے سکولوں کو شمسی توانائی سے روشن کرنے کا بڑا منصوبہ ترتیب دیاہے-اس پروگرام کے تحت جنوبی پنجاب کے ہزاروں سکول رواں برس شمسی توانائی سے روشن کئے جائیں گے – ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے اجالا پروگرام میں تعاون لائق تحسین ہے اورایشیائی ترقیاتی بینک اس منصوبے کی افادیت کے پیش نظر مزیدمعاونت کرسکتا ہے-انہوںنے کہا کہ سی پیک کے تحت پنجاب میں توانائی کے منصوبوں کو ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا ہے-سی پیک کا میگا پراجیکٹ 1320میگا واٹ کا ساہیوال کول پاور پلانٹ 22ماہ کی ریکارڈ مدت میں آپریشنل کیا گیا ہے جبکہ بہاولپور میں 300میگاواٹ شمسی توانائی پید ا ہورہی ہے -انہوںنے کہا کہ موجودہ حکومت اپنے وسائل سے گیس کی بنیاد پر 3600میگاواٹ کے توانائی منصوبوں کو تیزی سے مکمل کررہی ہے -ان منصوبوں کے لئے وفاقی اور پنجاب حکومت نے وسائل فراہم کئے ہیں-لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن ذرائع سے توانائی کے حصول کو یقینی بنایاگیاہے-انہوںنے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک توانائی کے منصوبو ںمیں حکومت کے ساتھ تعاون کو فروغ دےکر اس چیلنج سے نمٹنے میں ہماری مدد کرسکتا ہے- وزیراعلی نے کہاکہ حکومت نے عوام کو ٹرانسپورٹ کی جدید اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرنے کےلئے میٹرومنصوبے مکمل کئے ہیں-لاہور ، ملتان اور راولپنڈی اسلام آباد میں انتہائی کامیابی سے میٹروبسیں چل رہی ہیں اور لوگوں کی بڑی تعداد ان سے مستفید ہو رہی ہے- انہوںنے کہا کہ میٹروبس سروس کا دائرہ دیگربڑے شہروں تک بڑھانے کا پروگرام بنایا گیاہے-بینک اس حوالے سے بھی پنجاب حکومت کے ساتھ معاونت کر سکتا ہے- زرعی معیشت کے استحکام کے لئے 67ارب روپے کی لاگت سے دیہی سڑکوں کی تعمیر کی گئی ہے- دریں اثناءوزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے برطانیہ کے ہائی کمشنر تھامس ڈریو(Mr. Thomas Drew)نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، پاک برطانیہ تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ برطانوی ہائی کمشنر نے 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی ریکارڈ مدت میں تکمیل پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی اور کہا کہ اتنے بڑے پیداواری گنجائش کے توانائی منصوبے کی ریکارڈ مدت میں تکمیل کا کریڈٹ آپ کو جاتا ہے اور بلاشبہ توانائی بحران کے خاتمے کیلئے آپ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ انہوں نے پنجاب کے عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آپ کی قیادت میں تعلیم، صحت اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے شاندار اقدامات کئے گئے ہیںاور پنجاب حکومت نے کئی شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برطانیہ پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ساتھ آنے والے وقتوں میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے اور پنجاب حکومت کے ساتھ تعلیم، صحت ، سکل ڈویلپمنٹ اور دیگر سماجی شعبوں کی بہتری کے لئے تعاون جاری رہے گا۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت کے بروقت اقدامات کے باعث آج ملک میں توانائی بحران بہت حد تک کم ہو چکا ہے اور کئی منصوبے برق رفتاری سے مکمل کئے گئے ہیں اور ان سے بجلی حاصل ہو رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے لیہ کے قریب ٹریفک حادثے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کیپٹن کرنل شیر خان شہید نشان حیدر کے 18ویں یوم شہادت کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کیپٹن کرنل شیر خان شہید نے 17ہزار فٹ کی بلندی ر پاکستان کے پرچم کوسربلند رکھنے کیلئے جان کا نذرانہ پیش کیا۔
