لندن (آئی این پی) آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ میں پاکستانی ٹیم اپنا آخری لیگ میچ (آج) ہفتہ کو سری لنکا کے خلاف کھیلے گی۔ قومی خواتین ٹیم کی ٹورنامنٹ میں کارکردگی انتہائی ناقص رہی اور اسے مسلسل چھ میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا جس کی وجہ سے وہ ایونٹ سے باہر ہو چکی ہے۔ آج چار میچ کھیلے جائینگے، پہلا میچ دفاعی چیمپئن آسٹریلیا اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جائیگا۔ دوسرے میچ میں انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔ تیسرا میچ بھارت اور نیوزی لینڈ میں ہوگا۔ جبکہ چوتھا میچ پاکستان اور سری لنکا کے مابین کھیلا جائے گا۔ واضح رہے کہ آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ٹیمیں پہلے ہی سیمی فائنل میں جگہ بنا چکی ہیں۔