لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک‘اپنے سٹاف رپورٹر سے) لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلیٰ شہباز شریف کی نااہلی کیلئے تحریک انصاف کی درخواست خارج کر دی اور کہا ہے کہ درخواست گزار کو رکن اسمبلی کی نااہلی کیلئے الیکشن کمیشن سے رجوع کرنا چاہئے، عدالت نے پی ٹی آئی کی وزیراعظم شہباز شریف کے نااہلی کیلئے دائر درخواست پر محفوظ فیصلہ سنا دیا اور درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی۔ درخواست تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی تھی۔ لاہور ہائی کورٹ نے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کی نااہلی کے لیے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے دائر درخواست ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے خارج کر دی ۔گزشتہ روز لاہور ہائی کورٹ کے مسٹر جسٹس شاہد کریم نے وزیراعلی پنجاب کی نااہلی کے لیے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سماعت کی۔سماعت کے دوران تحریک انصاف کے وکیل بابر اعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف عوامی عہدہ رکھنے کے ساتھ ذاتی کاروبار سے منسلک رہے اور انہوں نے اپنے بھائی وزیراعظم نواز شریف کو 6 ارب کے تحائف دیئے ، اس رقم کا منی ٹریل موجود نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے اپنے خاندان کی ملکیت شوگر ملز غیر قانونی طور پر منتقل کیں اور منتقلی کے لیے اثر و رسوخ کا استعمال کیا جبکہ شریف خاندان کے اثاثے ان کی آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔بابر اعوان کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے اختیارات سے تجاوز کرتے ہوئے بطور وزیراعلی اپنے حلف کی خلاف ورزی کی اور ووٹرز کے اعتماد کو ٹھیس پہنچائی۔عمران خان کے وکیل نے عدالت سے مطالبہ کیا کہ اختیارات سے تجاوز کرنے اورغیر قانونی اثاثے بنانے پر وزیر اعلی پنجاب کو اسمبلی کی رکنیت سے نااہل قرار دیا جائے جبکہ خلاف قانون اقدامات کرنے پر وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کو عہدے سے ہٹانے کا حکم دیا جائے۔اس موقع پر عدالت نے ان سے استفسار کیا کہ اس معاملے میں اسپیکر پنجاب اسمبلی کا متعلقہ فورم موجود ہونے کے باوجود براہ راست عدالت سے کیوں رجوع کیا گیا؟۔جس پر بابر اعوان کا کہنا تھا کہ متعلقہ فورم سے بھی رجوع کیا گیا تھا، تاہم اسپیکر پنجاب اسمبلی بھی اسی جماعت سے تعلق رکھتے ہیں جس سے شہباز شریف کا تعلق ہے لہٰذا آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نااہلی کا فورم عدالت عالیہ ہے۔جس کے بعد عدالت نے درخواست کے قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کرلیا۔بعد ازاں فاضل عدالت نے اپنا فیصلہ سناتے ہوئے درخواست کو ناقابل سماعت قرار دیتے ہوئے درخواست گزار کو رکن اسمبلی کی نااہلی کے لئے متعلقہ فورم سے رجوع کرنے کی ہدایت کر دی۔لاہور (اپنے سٹاف رپورٹر سے) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ دھرنا پارٹی کی ہٹ دھرمی کے باعث ملک کی معیشت کو بے پناہ نقصان پہنچا ہے۔ دھرنوں اور لاک ڈاﺅن کے ذریعے معیشت کا جنازہ نکالنے کی کوشش کی گئی۔ دھرنوں اور لاک ڈاﺅن کی ناکامی کے بعد یہ عناصر نیا روپ دھار کر سامنے آئے ہیں۔ نیازی صاحب نے دھرنے اور لاک ڈاﺅن کی ناکامی کے باوجود تاریخ سے سبق حاصل نہیں کیا ۔کرپٹ عناصر کو ساتھ ملا کر احتساب کی بات کرنا نیازی صاحب کو زیب نہیں دیتا ۔ پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین منتخب قیادت پر بے بنیاد الزامات کی کوئی حیثیت نہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں کرپشن کا کوئی سکینڈل سامنے نہیں آیا۔تیزی سے مکمل ہوتے ہوئے توانائی اور دیگر ترقیاتی منصوبے مخالفین پر بجلی بن کر گر رہے ہیں کیونکہ انہیں خوف ہے کہ شفاف ترین منصوبے مکمل ہونے سے ان کی بچی کھچی سیاست بھی دم توڑ جائے گی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار منتخب نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنہوں نے آج ان سے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے کہا کہ نیازی صاحب کی ہر صبح کا سورج ایک نئے جھوٹ سے طلوع ہوتا ہے اور دھرنا پارٹی کے سربراہ جمہوری اقدار کی سوجھ بوجھ اور اخلاقیات سے عاری ہیں ۔ بے بنیاد الزام تراشی اور دروغ گوئی کے باعث جھوٹ بولنے کے ماہر سیاستدان عوام میں اپنی ساکھ کھو بیٹھے ہیں۔ پہلے ان عناصر نے دھرنوں کے ذریعے ملکی معیشت کا دھڑن تختہ کرنے کی پوری کوشش کی اور بعد میں لاک ڈاﺅن کے ذریعے ایک بار پھر پاکستان کو تباہ کرنے کی سازش کی گئی۔انہوں نے کہا کہ اپنے صوبے کے عوام کی خدمت کی بجائے یہ سیاستدان جمہوری نظام کو کمزور کرنے کے درپے ہیں جبکہ دھرنوں کے دوران ان عناصر نے قومی اداروں پر دھاوا بول کر اپنا اصل چہرہ عوام کو دکھا دیا تھا۔ جھوٹ، جھوٹ اور مزید جھوٹ ان عناصر کی سیاست کا طرہ امتیاز ہے ۔ اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والے نیازی صاحب کے دائیں بائیں کھڑے ہیں اور ماضی کے کرپٹ حکمرانوں سے تعلق رکھنے والاایک سابق وزیر” احتساب پارٹی“ میں شامل ہو کر لیکچر دے رہا ہے، اس شخص نے ہوس زرکی خاطر نندی پور پاور پراجیکٹ کی مشینری کو 3 برس تک کراچی کی بندرگاہ پر روکے رکھا جس سے مشینری ضائع ہوئی اور خزانے کو اربوں کا نقصان پہنچا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کے دکھ درد کو سمجھنااور ان کے مسائل کا حل غیر جمہوری طرز عمل والے سیاستدانوں کے بس کی بات نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کی کرپشن اور لوٹ مار کے چرچے آج بھی زبان زد عام ہیں۔ سابق دور میں ہر نیا دن کرپشن کے نئے سکینڈل سے شروع ہو تا تھا۔ غریب قوم کے وسائل لوٹنے والے آج کس منہ سے کرپشن کی بات کرتے ہیں۔ ان عناصرنے قوم کو اندھیرے دیئے اور معیشت کا بیڑا غرق کیا اور آج ہمارے مخالفین کو تیزی سے ترقی کرتا ہوا پاکستان کھٹک رہا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے 4 سال شفافیت کے گواہ ہیں۔ منصوبوں میں شفافیت کے ذریعے اربوں روپے کے قومی وسائل بچا کر نئی مثال قائم کی ہے۔انہوں نے کہا کہ انتشار کی سیاست پاکستان کے لئے انتہائی نقصان دہ ہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ قومی اور ملکی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کی سیاست عوام کی ترقی اورخوشحالی کی سیاست ہے اور وزیراعظم محمد نوازشریف نے اپنی بصیرت اور موثر حکمت عملی کے باعث ملک کو معاشی خوشحالی کی راہ پر ڈال دیا ہے۔با شعور عوام منفی سیاست کے ذریعے ملک کو پیچھے دھکیلنے والوں کے نا پاک عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کا راز نفاق میں نہیں، اتفاق میں مضمر ہے۔ ملک کے وسیع تر مفاد کیلئے ”میں“ کی روش چھوڑ کر ”ہم“ کا راستہ اپنانا ہوگا۔
