تازہ تر ین

پیروں پر سوج

ڈاکٹر نوشین عمران
اکثر افراد کے پیر اور ٹخنوں پر سوج، سوزش ہو جاتی ہے جو تکلیف کا باعث بنتی ہے۔ زیادہ دیر کھڑے رہنے یا بیٹھے رہنے، لمبا سفر کرنے پر پیروں میں سوج ہو جاتی ہے جو صرف وقتی ہوتی ہے۔ ایک دو دن میں خود ہی دور ہو جاتی ہے۔ پیروں میں سوج کی وجہ خون کی نالیوں سے پانی یا مائع نکل کر باہر جمع ہو جانا ہے۔ جسم میں کئی ایسی تبدیلیاں یا امراض ہیں جن کے باعث ایسا ہوتا ہے۔ وقتی سوزش کی ایک اور وجہ پیر پر چوٹ، پٹھوں کا کھنچاﺅ ہے۔ موچ، فریکچر ہے۔ جس میں سوزش کے ساتھ درد، نیل یا سرخی، پیر پر بوجھ ڈالنے اور ہلانے میں دقت ہوتی ہے۔ مستقل پیروں اور ٹخنوں میں سوزش کی اہم وجہ دل کے امراض خاص کر ہارٹ فیلیئر ہے۔ اس سے مراد دل کا فیل ہو جانا یا کام بند کرنا نہیں بلکہ دل کے ایک حصے کا پورا کام نہ کرنا ہے جس کے باعث پیر اور ٹانگوں سے خون پوری مقدار میں واپس نہیں جاتا اور پیر ٹانگ پر سوزش ہو جاتی ہے۔ مسلسل ہائی بلڈ پریشر، دل کے والوز کا مسئلہ، خون کی شریانوں کی سختی یا ہارٹ فیلیر کا باعث بنتی ہیں۔ ایسے مریضوں کو پیروں میں سوج کے علاوہ تھکن، سانس میں دشواری، وزن میں زیادتی، دل کی تیز دھڑکن، تیز سانس جیسے مسائل بھی رہتے ہیں۔ پیر کی سوجن پر انگلی یا انگوٹھا رکھ کر پریشر ڈالنے اور چھوڑنے پر اگر گڑھا پڑ جائے تو ایسی سوج ”پٹنگ اڈیما“ دل کے امراض کی نشاندہی کرتی ہے۔
ایک اور وجہ گردے کے امراض ہیں۔ گردوں سے اگر مکمل طور پر فالتو مادوں پانی اور نمک کا اخراج نہ ہو تو پیروں اور چہروںپر سوزش ہو جاتی ہے۔ ایسے میں مریض کو پیشاب میں کمی، سانس لینے میں تھوڑی مشکل، تھکان، نیند کا غلبہ، متلی یا قے، ہو سکتے ہیں۔
موٹاپا بھی پیروں پر سوجن کی وجہ ہو سکتا ہے۔ زیادہ وزن کے باعث پیروں میں خون کی گردش بھی متاثر ہو جاتی ہے۔ جگر کے مرض ”سیوروسز“ یا جگر کے سکڑ جانے کے باعث بھی پیروں اور ٹانگوں سے خون کی گردش اور واپسی کم ہونے سے پانی اور نمکیات پیروں ٹانگوں میں سوج پیدا کرتے ہیں۔ آسٹیو آرتھرائٹس یا جوڑوں میں سوزش سے ٹخنوں میں سوج رہتی ہے۔ ایسی سوزش میں جوڑوں کے گرد سوج، درد، سرخی ہوتی ہے۔
پیر اور ٹخنے کے پچھلے حصے پر موجود گوشت کے بینڈ ”ٹینڈن“ میں سوزش اور چوٹ بھی ٹخنے پر سوج پیدا کرتی ہے۔ ایسے تمام امراض یا کیفیات صرف ایک متاثرہ پیر پر ہی سوزش کرتی ہیں دونوں پیروں پر نہیں۔
ہائی بلڈ پریشر کے ایسے افراد جن کا بلڈ پریشر کنٹرول میں نہ ہو ان کی خون کی نالیاں سخت ہونے، وزن زیادہ ہونے اور کولیسٹرول زیادہ ہونا پیروں میں مستقل سوج کرتا ہے۔ ایسے مریضوں کو سوج کے علاوہ گردن، کندھوں کمر میں درد رہتا ہے۔ ہلکی خشک مستقل کھانسی رہتی ہے۔
خوراک میں بعض اجزا کی کمی بھی پیروں میں سوج کی وجہ بنتی ہے جیسا کہ خوراک میںپروٹین کی کمی وٹامن ڈی اور وٹامن بی 12، بی 1 ، وٹامن سی کی کمی بھی سوزش پیدا کرتی ہے۔
ایک اور اہم وجہ تھائیرائڈ گلینڈ سے تھائرکسن کی کمی ہے۔ پیروں اور ٹانگوں میں خون کی نالیوں کی سختی PVD، شریانوں میں لوتھڑا DVT، خون کی نالیوں کے والوز کی خرابی بھی اس کی وجوہات ہیں۔ پیر کی سوزش دور کرنے کے لئے چار طریقے بتائے جاتے ہیں۔ آرام کریں۔ پیر ٹانگوں کے نیچے تکیے رکھ کر اونچا رکھیں، برف رکھیں، الاسٹک سٹاکنگ پہنیں یا پٹی باندھیں۔تھوڑی تھوڑی دیر بعد اٹھ کر چلیں۔ مسلسل مت لیٹیں نہ ہی بیٹھیں۔ مرض کے مطابق ادویات لیں۔
٭٭٭


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain