کراچی (شوبز ڈیسک) ملکی و غیرملکی پراڈکٹس کی اشتہاری مہم کیلئے بھارتی فنکاروں اور ماڈلز پر پاکستانی فنکاروں اور ماڈلز کو فوقیت دی جانے لگی۔ اس بات کی تصدیق اداکارہ صبا قمر نے کی ہے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جانب سے مسلسل پاکستان پر دہشتگردی کے الزامات کے بعد سے ملٹی نیشنل اداروں نے پاکستانی فنکاروں و ماڈلز کو تشہیری مہم کیلئے سائن کرنا شروع کردیا ہے۔گزشتہ دنوں کراچی کے قدیم فلمی سٹوڈیو میں ملکی فنکار دیگر مقامات پر کئی روز تک تشہیری فلموں کی ریکارڈنگ میں مصروف رہے اپنی پرفارمنس کی بنا پر آرمینہ رانا خان، ماہرہ خان، سجل علی، صبا قمر، فواد خان، علی ظفر، ماوراحسین، عروا حسین اور مایا علی آج کل اشتہاری اداروں کی اولین ترجیح ہیں۔ ماہرہ خان، ماورا حسین، مایا علی اور شہریار منور کے صابن کے اشتہار کا چرچہ بھی آج کل بہت ہو رہا ہے جو بہاولپور کے نور محل میں شوٹ کیا گیا۔اداکارہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کئی اداروں نے اپنے پراڈکٹس کی ماڈلنگ کیلئے رابطے کئے۔ اس حوالے سے پاکستانی اداکارہ کا کہنا ہے کہ خوشی ہے کہ اب اشتہاری اداروں نے پہلی ترجیح کے طور پر ملکی فنکاروں و ماڈلز کو منتخب کرنا شروع کیا ہے جس سے اشتہاری فلم کی لاگت میں بھی کئی گنا کمی آئیگی۔