لاہور (شوبز ڈیسک) فلم اسٹارمیرا نے کہا ہے کہ مخصوص لابی پاکستان فلم اورسینما انڈسٹری کوایک مرتبہ پھرتباہی کے دہانے پرپہنچانے کے لیے ایسے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے، جس سے بہتری نہیں بلکہ صرف نقصان ہوگا۔ مخصوص چہروں کو فلموں، ڈراموں اورٹی وی کمرشلزمیں کاسٹ کرنااس بات کا ثبوت ہیں۔ اگریہ سلسلہ اسی طرح جاری رہا تونئی زندگی پانے والی فلم اورسینما انڈسٹری کودوبارہ برباد ہوتا دیکھنا پڑے گا۔۔ اداکارہ میرا نے کہا کہ پاکستان فلم انڈسٹری کی نئی اننگز کا حوالہ توہرکوئی دیتاہے اورجدید ٹیکنالوجی کی بات بھی کی جاتی ہے لیکن یہ بات کوئی محسوس نہیں کرتا کہ نئی اننگزکا آغازبھی ماضی کی طرح ہی ہورہا ہے۔ جوغلطیاں ماضی میں ہوئیں ، انھی غلطیوں کودہرایا جارہا ہے۔ اگرہم ہالی ووڈ یا بالی ووڈکی طرف دیکھیں تووہاں پرہرفلم میں شاہ رخ، ٹام کروز، عامر، براڈ پٹ سلمان اوراکشے کمار کوسائن نہیں کیا جاتا، وہاں توہردوسری فلم میں کوئی نیا چہرہ ہوتا یا مختلف فنکارکام کرتے دکھائی دیتے ہیں، مگربدقسمتی سے ہمارے ہاں جووجوہات پاکستان فلم انڈسٹری کوبحران کی جانب لے کرگئیں،انھی پرچلتے ہوئے انٹرنیشنل مارکیٹ تک رسائی کی بات کی جارہی ہے۔انھوں نے کہا کہ ایک خاص لابی نے سینئرفنکاروں کوکاسٹ نہ کرنے کا عہد کررکھا ہے۔ جس کی وجہ سے فلموں کے معیارمیں بہتری نہیں آسکی۔ اگرایسے ہی کام چلتا رہا توپھرنتائج بہت خراب ہوں گے۔ میں سمجھتی ہوں کہ ابھی بھی اگردرست سمت کواپنایا جائے اورمخصوص چہروں کے بجائے اچھے اور باصلاحیت فنکاروں کو مواقع فراہم کیے جائیں تونتائج مثبت ہوں گے۔