اسلام آباد( آن لائن ) سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے آج کانفرنس کا اعلان کردیا۔چوہدری نثار علی خان کے ترجمان کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ سابق وزیرداخلہ آج شام پانچ پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کریں گے تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں ہوسکا کہ سابق وزیرداخلہ پریس کانفرنس میں کس حوالے سے بات کریں گے۔ ذرائع کے مطابق چودھری نثار علی خان پریس کانفرنس میں اپنی کارکردگی پر بات کریں گے اور پرویز رشید کی جانب سے کی گئی تنقید کا جواب بھی دیں گے، یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات پرویز رشید نے کہا تھا کہ نواز شریف کے خلاف سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی ‘بد روح’ نے کی جبکہ اپنی وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔ مسلم لیگ کے اہم ترین رہنما چوہدری نثار نے کل اہم پریس کانفرنس کا اعلان کیا تو سابق وزیر اعظم نواز شریف نے بھی رفقا سے مشاورت کر لی ،بھرپور جواب دینے کا فیصلہ کر لیا ۔نجی نیوز کے مطابق چوہدری نثار کی جانب سے پریس کانفرنس کے اعلان کے بعد نواز شریف نے قریبی رفقا سے مشاورت کی ہے جس میں طے پایا ہے کہ چوہدری نثار کی پریس کانفرنس پر پارٹی پالیسی کا بھرپور طریقے سے جواب دیا جائے گا ۔واضح رہے کہ پرویز رشید نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وزیر داخلہ ہوتے ہوئے بھی ہمارے خلاف فیصلے ہوئے ،جے آئی ٹی بنی ہوئی ہے ،وٹس ایپ بھی ہوئے بلکہ بہت کچھ ہو جاتا ہے،ہم مشرف کو بھی باہر جانے سے نہ روک پائے ۔اس پر چوہدری نثار بھی میدان میں آگئے تھے اور ان کے ترجمان نے سینیٹر پرویز رشید کے بیانات پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ لوگوں نے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا سارا بوجھ وزارت داخلہ،اسٹیبلشمنٹ پرڈال دیا ہے۔ سابق وفاقی وزیر داخلہ نے کل شام 5بجے اہم پریس کانفرنس کا اعلان کیا ہے۔
