راولپنڈی (بیورو رپورٹ) جائیداد ہتھیانے کیلئے خاتون سے زبردستی شادی اورحبس بے جا میں رکھنے کے الزام پرروات پولیس نے سابق ایم این اے فیض ٹمن کوگرفتار کرلیا۔ راولپنڈی کی مقامی عدالت نے ملزم کا دو روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا۔سابق ایم این اے فیض ٹمن اور ان کے ڈرائیور کو ڈیوٹی مجسٹریٹ قاسم رسول کی عدالت میں پیش کیا گیا۔ پولیس نے ملزم کے دس روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔وکیل صفائی کا کہنا تھا کہ پولیس مخالفین کے ہاتھوں کٹھ پتلی بن چکی ہے۔ ایف آئی آر میں لگے تمام الزامات بے بنیاد ہیں۔ مدعی مقدمہ اپنے خالہ اور ماموں کے خلاف بھی اسی طرح کی درخواست دے چکی ہے۔عدالت نے ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا۔ میڈیا سے گفتگو میں فیض ٹمن نے معاملے کو سیاسی مخالفین کی کارستانی قرار دے دیا۔
