اسلام آباد،کراچی، لاہور، راولپنڈی (نمائندگان خبریں) ملک بھر میں 52واں یوم دفاعِ پاکستان ملی جوش و جذبے سے منایا گیا ¾ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 ¾ صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21، توپوں کی سلامی سے ہوا، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ¾ 6 ستمبر 1965 کی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے اور نشان حیدر پانے والے شہدا کی یاد گاروں پر پھول چڑھانے کے علاوہ قرآن خوانی اور فاتحہ خوانی کی گئی ¾کراچی میں بابائے قوم قائد اعظم محمدعلی جناح اور لاہور میں لعلامہ اقبال کے مزاروں پرگارڈز کی تبدیلی کی تقاریب کا انعقاد ہوا ۔تفصیلات کے مطابق 52 ویں یوم دفاع کا آغاز نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی، ترقی اورخوشحالی کے لیے خصوصی دعاوں اور وفاقی دارالحکومت میں 31، صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے کیا گیا ۔ یوم دفاع کے دن 6 ستمبر 1965ءکو افواج پاکستان کے بہادر سپوتوں نے دشمن کو کاری ضرب لگا کر منہ توڑ جواب دیتے ہوئے ثابت کردیا کہ پاک فوج وطن کے دفاع کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی۔یوم دفاع پاکستان کے موقع پر کراچی میں واقع مزار قائداعظم محمد علی جناح پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی ایئروائس مارشل عمران خالد تھے۔ اس موقع پر مہمان خصوصی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا اور قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ ایئروائس مارشل عمران خالد نے مزار قائد پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی جس کے بعد مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کئے۔ پاک فضائیہ کے کیڈٹس نے گارڈز کے فرائض سنبھالے۔ مزارقائد پر پاک فضائیہ کے کیڈٹس کی پریڈ کو سکوارڈن لیڈر علی اکبر نے لیڈ کیا۔ پریڈ میں حصہ لینے والے 102 کیڈٹس میں تین لیڈی کیڈٹس بھی شامل تھیں۔ اس سے قبل مزارقائد پر پاک بحریہ کے کیڈٹس گارڈ کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ تقریب میں وزیراعلیٰ سیّد مراد علی شاہ سمیت اعلیٰ سول اور عسکری حکام، سکولوں، کالجز کے طلبہ، والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔دوسری جانب 6 ستمبر یوم دفاع کے موقع پر مزار اقبالؒ پر گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منعقد ہوئی۔گیریزن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مزار اقبالؒ پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور فاتحہ خوانی کی۔پاکستان رینجرز کے چوک و چوبند دستے نے مزار اقبالؒ پر گارڈز کے فرائض سنبھالے۔تقریب کے اختتام پر گیریزن کمانڈر میجر جنرل محمد عامر نے مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات قلمبند کیے۔یوم دفاع کی مناسبت سے 6 ستمبر 1965ءکی جنگ میں جام شہادت نوش کرنے والے شہداءمیجر شبیر شریف شہید (نشان حیدر)، میجر عزیز بھٹی شہید ( نشان حیدر) سمیت دیگر شہداءکی آخری آرام گاہوں پر بھی خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔دریں اثناءیوم دفاع کے موقع پر پاک فضائیہ کی جانب سے نور خان ائیربیس راولپنڈی پر پاک فضائیہ کے ائیر کرافٹ کی نمائش جبکہ ملک بھر میں تمام کنٹونمنٹس کے ساتھ مختلف شہروں میں پروقار تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔ دوسری جانب نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں یادگار شہدا ءپر ڈپٹی نیول چیف ایئر ایڈمرل فرخ احمد نے پھول رکھے ۔ واہگہ اور گنڈا سنگھ والا بادڑ پر قومی پرچم اتارنے کی تقریب میں فضا نعرہ تکبیر کے نعروں سے گونج اٹھی،عوام کا جوش وخروش دیدنی ہے۔پوری فضا میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج پائندہ باد کے فلگ شگاف نعرے گونج رہے ہیں۔پریڈدیکھنے آنے والوں میں بچے، بوڑھے جوان اورخواتین سب شامل ہیں۔ پریڈ میں رینجرز کی جوانوں کا رعب و دبددبہ ملک دشمنوں کےلئے ایک واضح پیغام ہے کہ یہ قوم ایک ہے اور اپنے ملک کا دفاع میں کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔